اردوئے معلیٰ

Search

 

کب چھڑایا نہیں ہم کو غم سے کب مصیبت کو ٹالا نہیں ہے

کب کڑی دھوپ میں مصطفیٰ نے سایہ کملی کا ڈالا نہیں ہے

 

ان کی رحمت کا کیا ہے ٹھکانا دیکھ لے سوئے طائف زمانہ

موسم سنگ باری میں لب پر کیا دُعا کا اُجالا نہیں ہے

 

لاج رکھی گئی ہر صدا کی دل نوازی ہوئی ہر گدا کی

ہے سخی اُن کا دربار ایسا کسی سائل کو ٹالا نہیں ہے

 

گونج ان کی ثناء کی رہی ہے، ہر نبی نے خبر ان کی دی ہے

کوئی ایسا صحیفہ نہیں ہے جس میں ان کا حوالہ نہیں ہے

 

لڑکھڑاتا ہوا جب چلا ہوں بھیڑ نے راستہ دے دیا ہے

راہِ ہستی میں ان کے کرم نے کس جگہ پر سنبھالا نہیں ہے

 

ہے جہاں بھی حکومت خدا کی رحمتیں ہیں وہیں مصطفی کی

سارے عالم ہیں چشم کرم میں کس جگہ کملی والا نہیں ہے

 

اُن کی مدحت پہ مامور ہوں میں، غیر کی مدح سے دور ہوں میں

فکر و فن کو صبیحؔ اپنے میں نے کبھی غزلوں میں ڈھالا نہیں ہے

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ