اردوئے معلیٰ

Search

کتنے خوش بخت ہیں طیبہ کے مسافر یارو

دیکھنے کو گئے جنت کے مناظر یارو

 

بھر کے چونچوں میں یہ اک نور مدینے کو چلے

یہ سنہرے پروں والے جو ہیں طائر یارو

 

ایسے منکر کو تو کافر ہی کہوں گا یارو!

میرے آقا کے جو ہے حسن کا منکر یارو

 

ذات میں اُن کی سبھی جمع کئے مولا نے

اُس کے جتنے بھی ہیں دنیا میں مظاہر یارو

 

دشمنوں کو بھی گلے سے جو لگا لیتا ہے

تم نے دیکھا ہے کبھی ایسا بھی صابر یارو

 

شکر کیسے نہ بجا لاؤں میں اپنے رب کا

جس کے محبوب کا میں بن گیا ذاکر یارو

 

روز ہی جاتا ہوں میں اُس کی زیارت کے لئے

جو مِرے آقا کی نگری کا ہے زائر یارو

 

کر لو اندازہ فقط شقّ قمر سے تنویر

کیسے احکام وہ کر سکتے ہیں صادر یارو

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ