اردوئے معلیٰ

Search

کرم کے بادل برس رہے ہیں دلوں کی کھیتی ہری بھری ہے

یہ کون آیا کہ ذکر جس کا نگر نگر ہے گلی گلی ہے

 

یہ کون بن کر قرار آیا یہ کون جانِ بہار آیا!

گُلوں کے چہرے ہیں نکھرے نکھرے کلی کلی میں شگفتگی ہے

 

دیے دِلوں کے جلائے رکھنا نبی کی محفل سجاے رکھنا

جو راحتِ دِل سکونِ جاں ہے وہ ذکر، ذکرِ محمدی ہے

 

جو گالیاں سُن کے دیں دعائیں بُروں کو اپنے گلے لگائیں

سراپا لطف و کرم جو ٹھہری وہ میرے آقا کی زندگی ہے

 

نبی کو اپنا خدا نہ مانو، خدا کو ان سے جدا نہ جانو!

ہے اہلِ ایماں کا یہ عقیدہ خدا خدا ہے، نبی نبی ہے

 

نہ مانگو دنیا کے تم خزینے چلو نیازیؔ چلیں مدینے

کہ بادشاہی سے بڑھ کر پیارے نبی کے در کی گداگری ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ