اردوئے معلیٰ

Search

کسی خیال کی لے پر تھرک رہے ہیں ہم

کہیں کہیں سے مسلسل اٹک رہے ہیں ہم

 

کسی کی آنکھ گئی دیکھنے دکھانے میں

کسی کی ایک نظر کی جھلک رہے ہیں ہم

 

فضا میں ٹوٹ کے بکھرے اور آپ آ جائیں

کسی ستارے کو مدت سے تک رہے ہیں ہم

 

ہر ایک رنگ سے خوشبو کو ہم نے دیکھا ہے

چمن سے تیری گلی تک سڑک رہے ہیں ہم

 

ہمیں کھجور کی شاخوں پہ جا کے گرنا ہے

کہ آسمان سے الٹا لٹک رہے ہیں ہم

 

تمہارا ہاتھ چھوا تھا ہمارے ہاتھ کے ساتھ

اسی مہک میں ابھی تک مہک رہے ہیں ہم

 

تمھارے خواب کی آب و ہوا ہے راس ہمیں

یہ دیکھ کیسے فضا میں لچک رہے ہیں ہم

 

الجھ رہی ہیں لکیریں کہیں لکیروں سے

گھنا ہے ہاتھ کا جنگل، بھٹک رہے ہیں ہم

 

شراب شیشے کی بوتل میں ہی دھری ہوئی ہے

نظر نظر سے ملائے چھلک رہے ہیں ہم

 

سلگ رہے ہیں کسی غم میں جسم و جاں قیصر

اندھیرا بڑھ رہا ہے اور چمک رہے ہیں ہم

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ