اردوئے معلیٰ

Search

کوئی مثل مصطفیٰ کا کبھی تھا، نہ ہے، نہ ہو گا

کسی اور کا یہ رتبہ کبھی تھا، نہ ہے، نہ ہو گا

 

اُنھیں خلق کر کے نازاں ہوا خود ہی دست قدرت

کوئی شاہکار ایسا کبھی تھا، نہ ہے، نہ ہو گا

 

کسی وہم نےصدا دی کوئی آپ کا مماثل

تو یقیں پکا اُٹھا کبھی تھا، نہ ہے، نہ ہو گا

 

مرے طاق جاں میں نسبت کے چراغ جل رہے ہیں

مجھے خوف تیرگی کا کبھی تھا، نہ ہے، نہ ہو گا

 

میرے دامن طلب کو ہے انھی کے در سے نسبت

کسی اور سے یہ رشتہ کبھی تھا، نہ ہے، نہ ہو گا

 

میں ہوں وقفِ نعت گوئی، کسی اور کا قصیدہ

میری شاعری کا حصہ کبھی تھا، نہ ہے، نہ ہو گا

 

سر حشر ان کی رحمت کا صبیح میں ہوں طالب

مجھے کچھ عمل کا دعویٰ کبھی تھا، نہ ہے، نہ ہو گا

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ