اردوئے معلیٰ

Search

کوئے یثرب کو مسیحا کہہ دیا تو ہو گیا

میرے آقا نے مدینہ کہہ دیا تو ہو گیا

 

حکم سورج کو دیا تو وہ بھی آیا لوٹ کر

چاند! دو ٹکڑے تو ہو جا ، کہہ دیا تو ہو گیا

 

مصطفیٰ تو مصطفیٰ ہیں آپکے منگتوں نے بھی

گنبد بے در میں رستہ کہہ دیا تو ہو گیا

 

میرے آقا آپ کا فرمان کیا فرمان ہے

آپ نے کعبے کو قبلہ کہہ دیا تو ہو گیا

 

جس کے لب پر مصطفیٰ کا ذکر ہے شام و سحر

اس نے طوفاں کو سفینہ کہہ دیا تو ہو گیا

 

جس کی جانب کوئی چشم التفات اٹھتی نہ تھی

شاہ دیں نے اسکو اپنا کہہ دیا تو ہو گیا

 

مصطفیٰ کی گفتگو میں نورؔ اتنا ہے اثر

آپ نے قطرے کو دریا کہہ دیا تو ہو گیا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ