اردوئے معلیٰ

Search

کیسا لہجہ تھا کس حال میں وہ رہی ایک ہی سانس میں

کہنے والی کہانی مری کہہ گئی ایک ہی سانس میں

 

یہ بھلا کیا کہ اک ایک گھونٹ اپنے اندر اترتا رہے

مے اگر تو نے پینی ہے تو ساری پی ایک ہی سانس میں

 

ایک ہی سانس میں ہے سمایا ہوا یہ جہاں اے خدا

ہم نے ساری خدائی تری دیکھ لی ایک ہی سانس میں

 

جتنے بھی اہل محفل تھے منہ وہ مرا دیکھتے رہ گئے

بزم میں ان کی تعریف کچھ ایسے کی ایک ہی سانس میں

 

ان کے ہونٹوں کا لمس ایسے چہرے پہ محسوس ہوتا رہا

ہم نے ساری حیاتیں یوں ہی کاٹ لیں ایک ہی سانس میں

 

ایک ہی سانس میں ہم نے طاہرؔ سبھی کچھ کہا آپ سے

جو بھی کہنا ہے کہہ دیجیے آپ بھی ایک ہی سانس میں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ