اردوئے معلیٰ

Search
نواسہ رسول جگر گوشہ بتول راکب دوش مصطفیٰ سید الشہداء حضرت سیدنا امام عالی مقام امام حسین رضی اللہ تبارک و تعالیٰ عنہ
منقبت پاک امام حسین رضی اللہ عنہ
بموقع 10 محرم الحرام یوم شہادت امام حسین و یوم عاشورا
——

 

گل رسول کی زینت حسین ابن علی

بہار باغ نبوت حسین ابن علی

 

نبی کے قلب کی راحت حسین ابن علی

علی و زہرا کی چاہت حسین ابن علی

 

خدا ہی جانے حقیقت حسین ابن علی

ہے کیا تمہاری فضیلت حسین ابن علی

 

غموں کی مجھ پہ ہے شدت حسین ابن علی

جگا دو میری بھی قسمت حسین ابن علی

 

کرو کچھ ایسی کرامت حسین ابن علی

ہو دور ساری یہ ظلمت حسین ابن علی

 

ہوئی جو تیری شہادت حسین ابن علی

تو غم میں روئی یہ خلقت حسین ابن علی

 

کرے جو تجھ سے محبت حسین ابن علی

خدا کی اس پہ ہو رحمت حسین ابن علی

 

رکھے جو تجھ سے عداوت حسین ابن علی

خدا کی اس پہ ہو لعنت حسین ابن علی

 

میں ہوں غلام تمہارا ازل سے آقا مرے

ملی ہے مجھکو وراثت حسین ابن علی

 

میں ہوں حسینی مرے باپ بھی حسینی ہیں

ملی ہے ہم کو یہ دولت حسین ابن علی

 

تمہارے ڈر سے لرزتا ہے دشمنوں کا جگر

عدو کے دل میں ہے ہیبت حسین ابن علی

 

یزیدی کانپتے ہیں نام سے تیرے شاہا

ہے تجھ میں حیدری قوت حسین ابن علی

 

یزیدی سارے جہنم کے مستحق ہونگے

تمہارے واسطے ہے جنت حسین ابن علی

 

کٹا کے سر کو عزیزوں کی دے کے قربانی

بچائی تونے شریعت حسین ابن علی

 

خدا کو ناز ہے جس پر وہ تیرا سجدہ ہے

ہے ایسی تیری عبادت حسین ابن علی

 

خدا کا شکر ہے شاہد کہ میں حسینی ہوں

کرینگے میری شفاعت حسین ابن علی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ