اردوئے معلیٰ

ہم تو کرتے ہیں ثنا از پئے تحصیلِ کمال

غیرِ خالق سے وگرنہ ہے تری نعت محال

 

نطقِ ہر ناطقہ کا حسن ہے نطقِ یوحٰی

جملہ جملوں کا تجمل تِرے جملوں کا جمال

 

وجہ تزئینِ تکلّم تری صورت کا بیان

فخرِ الفاظ و معانی تری سیرت کی مقال

 

کیسے گلہائے جناں ہوں ترے لب کی مانند ؟

آئنہ کب ہے بھلا تیری جبیں کی تمثال ؟

 

شاخِ طوبٰی ہو کہاں ہمسرِ بازوئے حضور ؟

چشمۂِ دستِ سخا کی نہیں تسنیم مثال

 

تاکہ پھر میری توقع سے زیادہ مل جائے

ان کو کرتا ہوں ثواب اپنا میں سارا ایصال

 

کنزِ تمدیح معظمؔ ہے میسر جن کو

گردشِ وقت سے کیسے ہوں بھلا وہ کنگال

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ