اردوئے معلیٰ

Search

یاد آتی ہیں جو مرشد کی عنایات بہت

دل کے ویرانے میں ہو جاتی ہے برسات بہت

 

ہائے سورج بھی ہوا جزوِ بقیعُ الغرقد

چھوڑ کر مطلعِ عرفاں پہ نشانات بہت

 

اے مدینے کے شفیقؒ آپ کی یادوں کے طفیل

اب زمانے میں بیاں ہوں گی حکایات بہت

 

میرے مرشد کے اشارات میں انجم تھے نہاں

روشنی دیتی تھی لفظوں میں ہر اک بات بہت

 

شفقت ایسی کہ ہوا نام ہی اِس سے مشتق

چاہنے والوں میں رکھتے تھے مُساوات بہت

 

دافعِ شرک ہے، بے وہم و گماں، نسلِ عمرؓ

قاتلِ جہل تھے حضرتؒ کے خطابات بہت

 

ہائے وہ طرزِ بیاناتِ شفیقؒ الملت

جس میں ہوتی تھی سدا نور کی سوغات بہت

 

چند لمحوں کی رفاقت میں ہوا قلب اسیر

یاد آتی ہے وہ لمحوں کی ملاقات بہت

 

میں تو محبوس تھا الفاظ کے زندانوں میں

وسعتِ فکر کی دی آپؒ نے خیرات بہت

 

مانتا ہی نہیں یہ دل کہ بہت دور ہیں وہ

کی ہے اس دل کی بھی حضرت نے مُدارات بہت

 

میں عزیزؔ اپنی کہانی بھی سناؤں کیسے

مانعِ لفظ و بیاں ہیں مرے جذبات بہت

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ