آقاﷺ جو نہیں تھے تو امانت بھی نہیں تھی
آقا ﷺ جو نہیں تھے تو امانت بھی نہیں تھی
آدمؑ بھی نہ تھے اُن کی خلافت بھی نہیں تھی
یہ سلسلۂ رُشد و ہدایت بھی نہیں تھا
دنیا میں یہ تنویرِ رسالت بھی نہیں تھی
کعبہ تھا مگر اُس پہ بھی قبضہ تھا بتوں کا
اللہ کی اُس گھر میں عبادت بھی نہیں تھی
انسان کے اوصاف کا چرچا بھی نہیں تھا
دنیا میں یہ کردار کی عظمت بھی نہیں تھی
قرآں بھی نہ اُترا تھا زمیں والوں پہ پہلے
انسان کے افکار میں ثروت بھی نہیں تھی
دنیا میں کوئی خیر کے آثار نہیں تھے
خیرالاُمم ایسی کوئی اُمت بھی نہیں تھی
مقصد کی بلندی کا تصور بھی نہیں تھا
انسان میں تشویقِ شہادت بھی نہیں تھی
توحید پرستی کا نمونہ بھی نہیں تھا
اخلاصِ عمل کی کوئی قیمت بھی نہیں تھی
انسان کو مدحت کا قرینہ نہ ملا تھا!
احسنؔ مجھے حاصل یہ سعادت بھی نہیں تھی