نعتِ ابجد بہ ردیف بسم اللہ

(ا)

اذن و فضل و عطا بسم اللّٰہ

مدح و نعت و ثنا بسم اللّٰہ

(ب )

بخشی رب نے سعادتِ مدحت

شکرِ مولا بجا بسم اللّٰہ

(پ )

پیش منظر ، پسِ خیال بھی وہ

دل کا غنچہ کھِلا بسم اللّٰہ

(ت )

تیرے اک جلوۂِ تبسّم سے

گلستاں کھِل اٹھا بسم اللّٰہ

(ٹ )

ٹل نہ جائے کہیں قضا آقا

تیرے در ہوں پڑا بسم اللّٰہ

(ث )

ثمرہ بخشش ہی حشر میں ہو گا

نعت کہیے سدا بسم اللّٰہ

(ج )

جگ میں جتنے ہیں خوش نما منظر

خاکِ پا کی عطا بسم اللّٰہ

(چ )

چاند سورج، ستارے، قوسِ قزح

تیرے رُخ کی ادا بسم اللّٰہ

(ح )

حکمِ مالک ہے مومنوں کے لیے

کہیے صلِّ علیٰ بسم اللّٰہ

(خ )

خدمتِ خلق روحِ خیرِ عمل

طاعتِ مصطفٰی بسم اللّٰہ

(د)

دھڑکنوں میں بسے وہ نامِ حسیں

مصطفٰے مجتبٰے بسم اللّٰہ

(ڈ )

ڈالی ڈالی شجر شجر مہکے

ذکرِ صلِّ علٰی بسم اللّٰہ

(ذ )

ذکر و فکر و شعور دانائی

اک سُخن پر فدا بسم اللّٰہ

( ر)

رحمتِ عالمیں بس اک چھینٹا

دل ہے میرا بچھا بسم اللّٰہ

(ز )

زندگی بندگی سے ہو معمور

دل کی دنیا بسا بسم اللّٰہ

(ژ)

ژند و پاژند اور کہن مصحف

تیرے دیں سے فنا بسم اللّٰہ

(س)

سایہ گستر ہو حشر میں ہم پر

زُلفِ رحمت ردا بسم اللّٰہ

(ش )

شب پرستوں کو خوف ہے اب بھی

مہرِ خیر و وفا بسم اللّٰہ

( ص)

صبرو صدق و وفا کی ہر مشعل

پائے کسبِ ضیا بسم اللّٰہ

(ض )

ضو فشاں ہے جہاں کا ہر گوشہ

آمدِ مصطفٰے بسم اللّٰہ

( ط)

طیّب و طاہر و مطہّر ہے

آپ کی خاکِ پا بسم اللّٰہ

( ظ)

ظلِّ رحمت کرم گھٹا برسے

گیسوئے مشک سا بسم اللّٰہ

( ع)

عینِ رحمت وہ سرمگیں آنکھیں

میری جانب ہوں وا بسم اللّٰہ

( غ)

غم کے مارو چلو سُوئے طیبہ

بابِ رحمت کھُلا بسم اللّٰہ

( ف)

فکرِ دنیا و آخرت کیوں ہو

ان کا در مل گیا بسم اللّٰہ

( ق)

قافلے جب چلیں مدینے کو

دل ہو آگے مرا بسم اللّٰہ

قافلے اب چلے مدینے کو

دل تو پہلے گیا بسم اللّٰہ

( ک)

کیسے منظر ہیں راہِ طیبہ میں

مجھ کو زائر بتا بسم اللّٰہ

( گ)

گلستاں گلستاں ہے ان کی مہک

مست بُو ہے صبا بسم اللّٰہ

( ل)

لبِ پُر نور چشمۂِ راحت

دل نشیں ہے صدا بسم اللّٰہ

( م )

میرے آقا کی بخششیں واللہ

ہر کسی پر عطا بسم اللّٰہ

( ن)

نور و نکہت تجلّیاں ان کی

ہر جہاں کی جِلا بسم اللّٰہ

( و)

وہ جو آئے تو روشنی پھیلی

اب بھی ہے جگمگا بسم اللّٰہ

( ہ)

ہم بھی بیٹھے ہیں راہ میں آقا

ہم پہ بھی ہو لقا بسم اللّٰہ

( ی)

یہ جو انساں کی قدر ہے کچھ بھی

ہے بس ان کی سخا بسم اللّٰہ

( ے)

یہ جو توفیقِ نعت ہے نوری

شکر واجب ہوا بسم اللّٰہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]