اردوئے معلیٰ

Search

تن کے احساس پہ حاوی رہی من کی خواہش

عمر بھر ساتھ رہی تیرے وطن کی خواہش

 

آپ کے کوچے میں آئے ہوئے یہ خانہ بدوش

کیسے کر پائیں کسی باغِ عدن کی خواہش

 

ایک ہی لَے میں ہیں سب لالہ و گل مدح سرا

نعت تو جیسے ہوئی پورے چمن کی خواہش

 

آپ کے مشک پسینے کی عطائیں مہکیں

جب صحابہ کو ہوئی مشکِ ختَن کی خواہش

 

اک تری دید کی خواہش تھی پسِ حرفِ طلب

زیست لے آئی ہے سرکار کفن کی خواہش

 

خارِ بطحا کی لطافت ہے مرے پیشِ نظر

اب ذرا سی بھی نہیں سر و سمن کی خواہش

 

شہرِ احساس میں اب پھیلی ہوئی ہے ہر سو

مہرِ پُر نور تری ایک کرن کی خواہش

 

رفعتِ میم سے اِک دال کی رعنائی تک

چار حرفوں کی ہے مقصودؔ سخن کی خواہش

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ