ابر شہر نبی سے آیا ہے
سارا ماحول مسکرایا ہے
جس کی ہر شاخ پر درود کھِلیں
پیڑ آنگن میں وہ لگایا ہے
دل نگر پر ہے آپ کا قبضہ
ہر نفس آپ کی رعایا ہے
ہر صفت میں خدائے یکتا نے
بے مثال آپ کو بنایا ہے
آمدِ مصطفیٰ ترے صدقے
رب نے کونین کو سجایا ہے
زندگی کرنے کا ہنر سب کو
میرے سرکار نے سکھایا ہے
اے صدف نعت مصطفےٰ کے طفیل
تاجِ توقیر تو نے پایا ہے