اردوئے معلیٰ

Search

دل اماں پائے گا کیونکر باغِ جنت چھوڑ کر

یعنی سلطانِ امم کا شہرِ رحمت چھوڑ کر

 

مصطفےٰ کے در پہ ہر آرام ہے ارزاں مجھے

کس لیے جاؤں کہیں یہ کوئے راحت چھوڑ کر

 

رہ گزار شہر طیبہ مہرباں جس پر ہوئی

روشنی میں آ گیا وہ راہ ظلمت چھوڑ کر

 

حامل تاج شفاعت ہیں شفیع المذنبیں

خلد میں تنہا نہ جائیں گے وہ امت چھوڑ کر

 

اصلِ کل ہے سرورِ کون و مکاں کی ذات پاک

اور خیال و خواب ہے سب یہ حقیقت چھوڑ کر

 

ہو نہیں سکتی بہار افزا کبھی بزم حیات

مصطفےٰ کا گلشنِ لطف و عنایت چھوڑ کر

 

غیر ممکن ہے کہ جاؤں اے صدف سوئے غزل

سرور کونین کی دہلیزِ مدحت چھوڑ کر

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ