اردوئے معلیٰ

تری کاریگری یارب ہر اک شے سے ہویدا ہے

تری قدرت کا نغمہ پردۂ ہستی سے پیدا ہے

 

نہ گردوں پر ستارے ہیں ، نہ ذرے میں بیاباں ہیں

یہ تیرے حسن کی نیرنگیاں ہیں بزمِ امکاں میں

 

کئے سطحِ زمیں پر سینکڑوں دریا رواں تو نے

بہا دیں اپنے لطفِ بیکراں کی ندیاں تو نے

 

ہو کے زور سے جوشِ نمو بخشا زمینوں کو

کیا سیراب آب فیض سے مردہ زمینوں کو

 

اِدھر ہے طائرانِ خوش نوا میں جوش الفت کا

اُدھر ہے باطنِ اشجار میں چرکا محبت کا

 

یہ جب اونچے سُروں میں دلربا نغمے سناتے ہیں

تو وہ جوشِ ہوائے بے خودی میں جھوم جاتے ہیں

 

کبھی گرمی کبھی سردی کبھی برسات کا عالم

کبھی دن کا کبھی بالکل اندھیری رات کا عالم

 

عروج و انحطاطِ شمس از خود ہو نہیں سکتا

یہ تیری ذاتِ بے ہمتا سے ہے اے خالقِ یکتا

 

نظر آیا ، بڑھاپا ، پورا ہوا ، گھٹنے لگا ، ڈوبا

بدلتا ہے مہینہ بھر میں کیا کیا چاند کا نقشا

 

زمیں پانی پہ ہے پانی زمیں ہر کیا تماشا ہے

اِدھر دریا میں کوزہ ہے ادھر کوزہ میں دریا ہے

 

یہ سب آیاتِ ظاہر ہیں ترے انوارِ پنہاں کی

کہ جیسے دھوپ ہوتی ہے علامت مہرِ تاباں کی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے

اشتہارات

لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔

حالیہ اشاعتیں

اشتہارات

اشتہارات