رنگ ، خوشبو ، صبا ، خوش فضا آپ سے
حسن و خوبی کی ہر اِک ادا آپ سے
مہر و احسان ، لطف و عطا آپ سے
عدل ، انصاف ، عہد و وفا آپ سے
چاند ، سورج ، کرن ، نکہتیں ، رونقیں
چاندنی ، روشنی اور ضیا آپ سے
حسنِ صوت و صدا ، رنگِ حرفِ دعا
اوجِ صدق و صفا بے ریا آپ سے
مرحمت ، منزلت ، بہرِ ہر بے نوا
مہربانی ، کرم ، اور سخا آپ سے
خوش عمل ، خوش یقیں ، خوش بیاں ، خوش زباں
خوش نوا ، خوش ادا ، خوش لقا آپ سے
عزم و ہمّت میں تاب و تواں آپ سے
صبر ، تسکیں ، یقیں ، اتّقا آپ سے
رحمتیں ، برکتیں ، نرمیاں راحتیں
در گزر اور عفو و عطا آپ سے
نورئ بے ہنر کیوں نہ ہو مفتخِر
اس کا سارا بھرم سرورا ! آپ سے