سرزمینِ باولی فیضان ہی فیضان ہے
میرے خواجہ خانِ عالمؒ کا نگر ذیشان ہے
مرکزِ انوار بحرِ عشق طورِ سالکاں
یہ درِ دولت تصوف آگہی عرفان ہے
بارگاہِ مصطفی بس اک حوالہ آپ کا
بیعتِ ـعشقِ نبی ہی آپ کا عنوان ہے
نقشبندی فیض کے ابرِ کرم اتنا برس
دل کی کھیتی لہلہا اُٹھے بہت ویران ہے
پست فہموں اور طلب گارانِ دنیا کو حضور
نسبتِ دربار دینا آپ کا احسان ہے
’’یہ رہے نازاں مری نسبت پہ مولا بخش دے ‘‘
آپ کہہ دیں روزِ محشر بس یہی ارمان ہے
کوئی کیا اندازہ کر سکتا ہے تیرے اوج کا
تیرے درویشوں پہ بھی چشمِ فلک حیران ہے
اے فنائے عشقِ آقا اے بقا کے راہبر
جو ترے قدموں میں آجائے وہی سلطان ہے
استقامت ہو درود و ذکر اور اخلاص میں
خادمینِ باولی کو بس یہی فرمان ہے
اِس شکیلِؔ نقشبندی پر عطائے خاص ہو
سائلِ در ہے تمہارا یہ بھی اِک درباں ہے