مائل بہ کرم شاہِ اُمم ہے کہ نہیں ہے؟
کیا ہرکس و ناکس کا بھرم ہے کہ نہیں ہے؟
ہے چشمِ کرم آپ کی اُمت پہ ہمیشہ
اس لطف پہ سر اپنا بھی خم ہے کہ نہیں ہے؟
یہ راز کبھی آیۂ ’’میثاق‘‘ سے پوچھو
اقرار نبی سب سے اہم ہے کہ نہیں ہے؟
لیتا ہے جو تُو نام محبت سے نبی کا
کچھ غور تو کر ان کا کرم ہے کہ نہیں ہے؟
کیا خوب نظر سیّدِ عالم کی ہے تجھ پر
مصروفِ ثناء تیرا قلم ہے کہ نہیں ہے؟
سب کچھ ہے تصرّف میں شہ دین کے ازہرؔ
دیکھ عرش بریں زیر قدم ہے کہ نہیں ہے؟