اردوئے معلیٰ

Search

 

آنسو مری آنکھوں میں نہیں آئے ہوئے ہیں

دریا تیری رحمت کے یہ لہرائے ہوئے ہیں

 

اللہ ری حیاء حشر میں اللہ کے آگے

ہم سب کے گناہوں پہ وہ شرمائے ہوئے ہیں

 

میں نے چمن خلد کے پھولوں کو بھی دیکھا

سب آگے ترے چہرے کے مرجھائے ہوئے ہیں

 

بھاتا نہیں کوئی ، نظر آتا نہیں کوئی

دل میں وہی آنکھوں میں وہی چھائے ہوئے ہیں

 

روشن ہوئے دل پر تو رخسار نبی سے

یہ ذرے اسی مہر کے چمکائے ہوئے ہیں

 

شاہوں سے وہیں کیا جو گدا ہیں ترے در کے

یہ اے شاہ خوباں تری شہ پائے ہوئے ہیں

 

آئے ہیں جو وہ بے خودی ءِ شوق کو سن کر

اس وقت امیر آپ میں ہم آئے ہوئے ہیں

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ