اردوئے معلیٰ

Search

 

ایسا شہ پارہ مجسم کر دیا خلاق نے

آپ جیسا دلربا دیکھا نہیں آفاق نے

 

ماں نے میرے قلب پر پھونکا تھا اسمِ مصطفیٰ

سینت کر رکھا ہوا ہے قلب کے اوراق نے

 

تیرہ و تاریک تھا ظلمت کدہ تھا یہ جہاں

کر دیا روشن شہِ کونین کے اشراق نے

 

کیجئے نعمت عطا اپنی محبت کی مجھے

قاسمِ نعمت چنا ہے آپ کو رزاق نے

 

چوم کر بزمِ تصور میں قدومِ مصطفیٰ

حاضری کا لطف حاصل کر لیا عشاق نے

 

دشمنانِ جاں فدائی بن گئے سرکار کے

معجزہ ایسا دکھایا آپ کے اخلاق نے

 

کاش ہوں مقبول تیری بارگہ میں یا نبی

لفظ جو لکھے ہیں تیری نعت کے اشفاقؔ نے

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ