اردوئے معلیٰ

Search

بابِ توفیقِ ثنا سے اذن ہو جائے اگر

مدحِ محبوبِ خدا لکھتا رہوں شام و سحر

 

اقتداے آیۂ ذِکرک میں جاری ہے سفر

خوب پھلتا پھولتا ہے ان کی مدحت کا شجر

 

آپ کے آنے کا جب پیغام لایا نامہ بر

رشک گاہِ کل جہاں تب سے ہوا ہے میرا گھر

 

بے بسی، بے چارگی ہے آج میرے چارہ گر

طائرِ جاں تولتا ہے بہرِ رخصت اپنے پر

 

روح مشکل میں ہے میری عالمِ سکرات میں

آپ کی آمد سے ہے مربوط قصہ مختصر

 

کوئی بھی نظارۂ حسنِ زمن بھاتا نہیں

شوق کی منزل مرے جب سے بنا طیبہ نگر

 

پردۂ قربت میں ربِ دو جہاں سے وصل میں

ربِّ ہب لی اُمتی کی ہی دعا تھی سر بہ سر

 

’’باخدا دیوانہ باش و بامحمد ہوشیار‘‘

الحذر یہ بارگاہِ مصطفٰی ہے الحذر

 

آپ آئیں تو سکوں پا جائے منظر قادری

آپ کے قدموں میں رکھنا چاہتا ہے اپنا سر

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ