اردوئے معلیٰ

Search

بارگاہِ ناز میں مدحت سرائی کے سبب

باشرَف ہے ہر سخنور اس کمائی کے سبب

 

تیری نسبت سے ہُوا ہے شوقِ مدحت با ہُنر

حُسن با معنیٰ ہے تیری دلربائی کے سبب

 

بے سبب اُونچا نہیں ہے منصبِ خیرِ اُمم

اُمتی اُونچے ہوئے تیری دلربائی کے سبب

 

کوئی بھی حسرت نہیں ہے ، کوئی بھی حاجت نہیں

نعمتیں ہیں عام تیری مصطفائی کے سبب

 

جو مزا راہِ سفر میں ہے وہ منزل میں نہیں

لطف بڑھ جاتا ہے اکثر نارسائی کے سبب

 

قیصر و خاقاں سے مُستغنی ہے اقلیمِ فقیر

تیرے کوچے کی فقیری اور گدائی کے سبب

 

اعتبارِ حرف و معنیٰ اوج پا لینے کو ہے

نعت ہو جانے کو ہے اس خامہ سائی کے سبب

 

مَیں درِ رحمت پہ گم کردہ نفس حاضر ہُوا

گوہرِ مقصودؔ پایا بے نوائی کے سبب

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ