اردوئے معلیٰ

Search

تری حمد و ثنا لکھتا ہے روز و شب قلم میرا

الہٰی خوب بدلا تو نے عنوانِ قلم میرا

 

وفور معصیت سے کیا کہوں کیا تھا الم میرا

مٹایا ہے تیری رحمت نے میرے دل سے غم میرا

 

سُنا تھا نام تیرا ہی ہوا تھا جب جنم میرا

وہی وردِ زباں جب بھی رہے جب نکلے دم میرا

 

غرض دنیا سے ہے مجھ کو نہ مافیہا سے کچھ مطلب

زباں پر نام تیرا ہو ، ہے جب تک دم میں دم میرا

 

ترا بندہ ہوں میں ، معبود تو ، وہ جلوہ گاہ تیری

نہ کیوں رہتا سوئے کعبہ سرِ تسلیم خم میرا

 

زمانہ زندگی کا ، گور کی مدت ، یہ احساں ہے

شبِ راحت سے کم رکھا تو نے روزِ غم میرا

 

حقیقت میں جبھی سمجھوں گا ، بیڑا پار ہو جانا

خدا کا نام لے کر جب نکل جائے گا دم میرا

 

محل یہ شکر کا جانوں کہ شکوے کی جگہ سمجھوں

ہزاروں سے ہے افزوں ، سو سے ہے گر رتبہ کم میرا

 

مقامِ حمد سے جرأت نے کیا کیا کوتہی کی ہے

بڑھا کر رکھنا جب چاہا ، پڑا پیچھے قدم میرا

 

تخلص ہے مرا سائلؔ ، سمجھتے ہیں مجھے کامل

نزولِ رحمت باری سے ہے بھاری بھرم میرا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ