حُسن لاجواب آپ کا
جسم ہے گُلاب آپ کا
مَہ جبیں ہیں آپ یا نبی
رُخ ہے آفتاب آپ کا
رونقِ جہانِ ہَست و بُود
رَشکِ کُل شباب آپ کا
راحتِ جہاں بھی، جان بھی
تذکرہ جناب آپ کا
رحمتہ اللعالمین بھی
خوب ہے خطاب آپ کا
مِل رہا ہے جو، جسے، جہاں
پاک ہے نصاب آپ کا
دَردِ لادَوا ہو یا مَرَض
شافی ہے لُعاب آپ کا
ہے رضاؔ پہ سایہء کرم
فیض بے حساب آپ کا