ذرّہ ذرّہ مصطفی ﷺ سے چاہتا ہے روشنی
جانتے سب ہیں کہ بس ان کی عطا ہے روشنی
ان ﷺ کی تنویرِ رسالت نے بتایا خلق کو
دینِ حق کے ساتھ پیمانِ وفا ہے روشنی
نورِ احمد ﷺ نے یہ قلب و ذہن پر روشن کیا
کیسے ملتی ہے ہدایت اور کیا ہے روشنی
مہر و ماہ و انجم و برق و شرار و کہکشاں
ہیں تو سب روشن مگر دل کی جِلا ہے روشنی
اُن ﷺ کے طرزِ زندگی میں نورِ حق پوشیدہ ہے
اُن ﷺ کے اندازِ تکلم کی ضیا ہے روشنی!
شہرِ علم و آگہی ﷺ نے فاش یہ نکتہ کیا
تیرگی بیماریِ دل ہے، دوا ہے روشنی
اُن ﷺ کا دستِ مہرباں وجہِ سکونِ قلب ہے
اُن ﷺ کے ایمائے ثناء کا سلسلہ ہے روشنی
میں عزیزؔ احسن مدیح کَے و جَم کیسے کروں؟
مجھ کو عشقِ مصطفیٰ ﷺ ہی بخشتا ہے روشنی