اردوئے معلیٰ

Search

ذرہ ذرہ حمد تری ہی کرتا ہے

قطرہ قطرہ تیرے دم سے دریا ہے

 

آنگن آنگن ہے تیری ہی پھلواری

گوشہ گوشہ تیرے کرم سے مہکا ہے

 

حکم سے تیرے تیری رحمت کا بادل

تازہ پانی دھرتی پر برساتا ہے

 

قسمت کی جو شال ہے میرے کاندھے پر

تیری مرضی اْس کا تانا بانا ہے

 

خالق تو ہے، مالک تو ہے تو معبود

ہر گلشن تیرا ہر صحرا تیرا ہے

 

کنت کنزاً مخفیاً کے پردے سے

تیرا جلوہ خوب چمکتا رہتا ہے

 

پیڑ پرندے، وادی پربت جگنو میں

حسن ہے تیرا جلوہ ہر جا تیرا ہے

 

کوئی نہیں معبود مگر تو ، تو ہی تو

تو رازق ہے تو مالک تو داتا ہے

 

تیری رحمت کی شبنم سے کھل اٹھا

دل کا غنچہ جب جب بھی کملایا ہے

 

رات بھی اس کی مدح کرے تعریف کرے

سورج نامِ احمد کا یوں چمکا ہے

 

ایک صدف کیا اس کے جیسے جتنے ہیں

مولا تو نے سب کا پردہ رکھا ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ