اردوئے معلیٰ

Search

رب کا کرم ہے اور یہ فیضانِ نعت ہے

اہلِ قلم کے دِل میں جو عِرفانِ نعت ہے

 

میرے نبی کی سیرتِ کامِل کے فیض سے

’’ہر شعبہء حیات میں اِمکانِ نعت ہے‘‘

 

ہے عظمتِ رسول کا اِظہار جا بجا

قُرآن کیا ہے؟ دعوت و اعلانِ نعت ہے

 

رب کے نبی سا کوئی نہیں دو جہان میں

ایمان کی اساس بھی عِرفانِ نعت ہے

 

امن و سکون و رحمت و بخشش کے ساتھ، ساتھ

پیہم عطا کا سلسلہ دورانِ نعت ہے

 

آقا کی اُلفتوں کا خزینہ ہے، خوب ہے

عُنوانِ ’’م‘‘ سے جو یہ دِیوانِ نعت ہے

 

اِس واسطے کرم کی سَنَد مِل گئی رضاؔ

گٹھڑی میں صرف میری جو سامانِ نعت ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ