اردوئے معلیٰ

Search

شوقِ درِ رسول میں گھر بار چھوڑ کر

آئے ہوئے ہیں دلبر و دلدار چھوڑ کر

 

مدت سے ہے بسی ہوئی دل میں یہ آرزو

جائیں مدینہ سارا یہ سنسار چھوڑ کر

 

دنیا میں معتبر رہیں یہ سوچ ہے غلط

سرکار کا دیا ہوا کردار چھوڑ کر

 

طیبہ کی سرزمین ہے جنت زمین پر

لوٹے گا کون خلد کے آثار چھوڑ کر

 

جس در پہ آ رہے ہیں ملائک بھی رات دن

رکھا ہے کیا جہاں میں وہ دربار چھوڑ کر

 

بعد از خدا ہیں آپ ہی سب کچھ مرے کریم!

جائیں کہاں پھر آپ کو سرکار چھوڑ کر

 

منزل ملے جلیل کٹھن راستوں کے بعد

ممکن نہیں ہے قافلہ سالار چھوڑ کر

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ