اردوئے معلیٰ

Search
قابل ِ تعظیم ہیں سب اُمہات ُ المومنین
اس لئے کہ سب ہیں یہ، ازواج ِ ختم المرسلین
حضرت ِ بی بی خدیجہ پیشوا اِن سب کی ہیں
کیا کہیں اِس کے سوا ہم آفریں ،صد آفرین
——
حضرت ِ بی بی خدیجہ کاہوا تھا جب وصال
آپ نے تنہا گزارے زندگی کے پانچ سال
بنت زمعہ سودہ سے پھر کرلی شادی آپ نے
وہ بڑی فیاض بھی تھیں ،تھیں نہایت خوش خصال
——
عائشہ صدیقہ سے پھر تیسری شادی ہوئی
جوکنواری بیٹی تھیں،مولاکےیار ِ غارکی
پارسا تھیں،یہ گواہی رب نے دی قرآن میں
عالمہ بھی ،فاضلہ بھی،تھیں بڑے کردار کی
——
مرحبا، ان کے فضائل بھی ہیں بے حد و حساب
آپ سے مروی حدیثیں بھی ہزاروں ہیں جناب
اللہ اللہ ، اِن کی عظمت کےبھی کیا کہنے حضور
عائشہ ہے نام، پر صدیقہ ہے اِن کا خطاب
——
حضرتِ حفصہ بنیں پھر میرے مولا کی دُلہن
سن رسیدہ بیوہ لیکن تھیں بڑی شیریں سُخن
لاڈلی بیٹی تھیں یہ ،حضرت عمر فاروق کی
آیا اِن کے ساتھ جیون میں محمد کے چمن
——
پھر بنیں زینب خزیمہ مصطفیٰ کی ہم سفر
خیر کاپیکر تھیں یوں خوش ہوگئے خیرالبشر
جی اُٹھی تھیں سرور ِ کونین سے بندھن کےبعد
جو دعائیں کرتی تھیں ، وہ سب کی سب تھیں پُر اَثر
——
جب ہوئیں بیوہ تو اُم ِ سلمیٰ نے رو کر کہا
کیا کہوں بے شک ابو سلمیٰ بڑا انسان تھا
اِتنا اچھا تھا کہ اِس سے اچھا کیا ہوگا کوئی
سن رہے تھے غورسے باتیں محمد مصطفیٰ
——
اِس سے بھی بہتر ملے، یہ بھی دعا دی آپ نے
کیا دعا کرنی ہےاب ، یہ بھی بتادی آپ نے
وہ دُعا کرتی رہیں تو کھل گئے اُن کے نصیب
بی بی اُم سلمیٰ سے پھر کرلی شادی آپ نے
——
جب دعا مقبول ہو دیواروں میں بنتے ہیں دَر
پھر ہرا ہوجاتا ہے ،پت جھڑ میں بھی سوکھا شجر
تھامے رکھنا ہے ضروری دامن ِ اُمید کو
اس میں مضمر ہیں کئی اسباق ، قصہ مختصر
——
زید بن حارث رسول ِ پاک کے تھے اِک غلام
حضرت ِ زینب حجش سےجب نہیں اِن کی بنی
ہوگئیں راہیں جدا تو سرور ِ کونین نے
کر لی شادی آپ سے کہ آپ تھے دِل کے غنی
——
دیکھئے ، بی بی جویریہ نے دامن بھر لیا
اتنی خدمت کی ،نبی کی دل ہی میں گھر کرلیا
اِس سے پہلے یہ یقیناً خادمہ تھیں آپ کی
تا بعداری کام آئی ، معرکہ سر کرلیا
——
حضرت ِ صفیہ بھی لے کر آئی ہیں رنگ ِ بہار
ہوگئیں یوں بھی فضائیں زندگی کی خوشگوار
دسویں شادی ہے یہ بے شک سرور ِ کونین کی
زندگی کچھ اور خوشیوں سے ہوئی ہے ہم کنار
——
جگمگا اُٹھا محمد مصطفیٰ کا پھر حرم
حضرت ِ میمونہ بی بی نے رکھااپنا قدم
رحمۃ للعالمیں کی آخری شادی ہے یہ
ہوگیا ہے شادیوں کا سلسلہ اب مختتم
——
آپ نے دس شادیاں کرلی ہیں خدیجہ کےبعد
کی کمی محسوس خدیجہ کی ، ہر زوجہ کے بعد
یہ حقیقت ہے ملیں خوشیاں ہی کم کم آپ کو
بی بی خدیجہ سے پہلے ، بی بی خدیجہ کے بعد
——
چل بسیں دنیا سےپر، یادیں ہیں ان کی ساتھ ساتھ
اس لئے ازواج سےبھی کرتے تھے،وہ دل کی بات
سُن کے یہ باتیں ہمیشہ رشک کرتی تھیں سبھی
ایسا لگتا تھا ، ہیں خدیجہ نبی کی کائنات
——
رشک ِ ازواج ِ نبی بی بی خدیجہ کو سلام
سر جھکا کر مادر ِ اُم ِ ابیھا کو سلام
ہاتھ اُٹھا کر ، کررہا ہوں میں بڑی تعظیم سے
نازش ِ انسانیت کو ، فخر ِ حوّا کو سلام
——
سودہ، حفصہ ، عائشہ ، میمونہ ، صفیہ کو سلام
حضرت ِ زینب حزیمہ ، اُم ِ سلمیٰ کو سلام
حضرت ِ بی بی جویریہ پہ بھی ہردَم درود
حضرت ِ زینب حجش ، اُم ِ حبیبہ کو سلام
——
ہیں قریشی جملہ ازواج ِ حبیب ِ کبریا
حضرت ِ بی بی جویریہ کے ، صفیہ کے سوا
ہاشمی کوئی نہیں ، ہیں سب قبائل مختلف
ہرقبیلہ ہے یقیناً مخزن ِ صدق و صفا
——
{نبی ء رحمت کی ازواج ِ مطہرات کی شان میں یہ منقبت معروف شاعر ِ اہل ِ بیت ِ اطہار سیدعارف معین بلے کی تحقیق و تخلیق کا ثمر ہے ۔ جو ان کی ایک کتاب بعنوان ۔عالم ِ اسلام کی خاتون ِاو ّل اورام المومنین حضرت بی بی سیدہ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیھا کی منظوم سوانح ِ حیات ۔ کی زینت ہے۔۔ادارہ}
یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ