اردوئے معلیٰ

Search

وہی بندہ خدا کی خُلد کا حقدار ہوتا ہے

نبی کی پیروی جس شخص کا معیار ہوتا ہے

 

جہاں پر بھی مِرے آقا کا پائے نور پڑتا ہے

وہ صحرا بھی ہمیشہ کے لیے گُلزار ہوتا ہے

 

نبی کے عِشق میں ہر شے کو جو قربان کرتا ہے

وہی صدیقِ اکبر اور یارِ غار ہوتا ہے

 

نگاہیں با ادب کر لو، دِلوں کو با خبر کر لو

وہ دیکھو گُنبدِ سر سبز کا دیدار ہوتا ہے

 

مدینے میں پہنچ جاتا ہوں آنکھیں بند کرتے ہی

تصوّر پر اگر طاری خیالِ یار ہوتا ہے

 

رضاؔ جو دامنِ اقدس سے وابستہ ہیں آقا کے

اُنہی لوگوں کا پاکیزہ بڑا کردار ہوتا ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ