وہ اللہ کے حکم کی حد ہے
اسمِ محمدؐ اسمِ صمد ہے
وہ ہادی وہ حامیء عامی
وہ دل کے ہر روگ کا رد ہے
ہے احمدؐ سردارِ رسولاں
وہ مرسل دلدار احد ہے
اس کے کرم کا آسرا دل کو
ہر دم حاصل اس کی مدد ہے
ہر اک مدح روا ہے اس کو
احمدؐ کا مدّاح احد ہے
ورد کرو اک صلِّ علیٰ کا
اسمِ محمدؐ سعد عدد ہے
وہ اعلیٰ ہے والا ہمم ہے
اس کی ہی درکار مدد ہے
اس کے دوار گدا ہر کوئی
سائل اس کی عطا لا حد ہے