اردوئے معلیٰ

Search

وہ روٹھی روٹھی یہ کہہ رہی تھی قریب آؤ مجھے مناؤ

ہو مرد تو آگے بڑھ کے مجھ کو گلے لگاؤ مجھے مناؤ

 

میں کل سے ناراض ہوں قسم سے اور ایک کونے میں جا پڑی ہوں

ہاں میں غلط ہوں دکھاؤ پھر بھی تمہی جھکاؤ مجھے مناؤ

 

تمہارے نخروں سے اپنی ان بن تو بڑھتی جائے گی سن رہے ہو

تم ایک سوری سے ختم کر سکتے ہو تناؤ مجھے مناؤ

 

تمہیں پتہ بھی ہے کس سکھی سے تمہارا پالا پڑا ہوا ہے

معاف کر دوں گی تم کو فوراً ہی آؤ آؤ مجھے مناؤ

 

مجھے یوں اپنے سے دور کر کے نہ خوش رہو گے غرور کر کے

سو مجھ سے کچھ فاصلے پہ رکھو یہ رکھ رکھاؤ مجھے مناؤ

 

مجھے بتاؤ کہ میری ناراضگی سے تم کو ہے فرق کوئی

میں کھا رہی ہوں نہ جانے کب سے ہی پیچ تاؤ مجھے مناؤ

 

مجھے پتہ ہے مجھے منانے کو تم بھی بے چین ہو رہے ہو

تو کیا ضروری ہے تم بھی اتنے بھرم دکھاؤ مجھے مناؤ

 

مرا ارادہ تو پہلے ہی سے ہے مان جانے کا سچ بتاؤں

تم اپنے بھر بھی تمام حربوں کو آزماؤ مجھے مناؤ

 

بہت برے ہو مری دکھاوے کی نیند کو بھی تم اصل سمجھے

کہیں سے سیکھو پیار کرنا مجھے جگاؤ مجھے مناؤ

 

تم اپنے انداز میں کہ جیسے چڑھا کے رکھتے ہو آستینیں

تو میں ”تمہارا” ردیف والی غزل سناؤ مجھے مناؤ

 

خلاف معمول موڈ اچھا ہے آج میرا میں کہہ رہی ہوں

کہ پھر کبھی مجھ سے کرتے رہنا یہ بھاؤ تاؤ مجھے مناؤ

 

میں پرلے درجے کا ہٹ دھرم تھا کہ پھر بھی اس کو منا نہ پایا

سو اب بھی کانوں میں گونجتا ہے مجھے مناؤ مجھے مناؤ

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ