اردوئے معلیٰ

چلتے چلتے مصطفیٰ کے آستاں تک آ گئے

یوں لگا اپنے مقدر آسماں تک آ گئے

 

آپ کی رحمت نے بڑھ کر لے لیا آغوش میں

لے کے اپنی خواہشوں کو مہرباں تک آ گئے

 

ہر طرف ہے روشنی اور نور ہے پھیلا ہوا

آرزو تھی جس جہاں کی اُس جہاں تک آ گئے

 

پڑھ رہے ہیں پھول غنچے آپ پر ہر دم دُرود

مصطفیٰ کے لہلہاتے گلستاں تک آ گئے

 

آپ کا بچپن جہاں گزرا وہ ہے رشکِ جناں

بخت والے اس حلیمہ کے مکاں تک آ گئے

 

اپنی دنیا جگمگاتی ہے ستاروں کی طرح

ناز ہم بھی خوبصورت کہکشاں تک آ گئے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ