اردوئے معلیٰ

Search

کسی بھی عشق کو ہم حرزِ جاں بنا نہ سکے

انا کا بوجھ تھا اتنا کہ کچھ اٹھا نہ سکے

 

فصیلیں ساری گرا دیں جو درمیان میں تھیں

دلوں کے بیچ کی دیوار ہی گرا نہ سکے

 

ہزار حرفِ خوش آہنگ تھے بہم لیکن

مزاجِ کلک کی تلخی کبھی چھپا نہ سکے

 

سبھی کے غم کئے تصویر ہم نے شعروں میں

کسی کے غم کا مداوا مگر بتا نہ سکے

 

سبھی کو آئنہ توفیق بھر دیا ہم نے

خود اپنے عکس پہ نظریں کبھی جما نہ سکے

 

دلوں کا حال خدا جانتا ہے خوب ظہیرؔ

خدا گواہ کہ تم ہی کبھی نبھا نہ سکے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ