اُنہی ﷺ کے نام مُعَنْوَن کروں عقیدت بھی

کہ فرض ٹھہری ہے مجھ پر اُنہی ﷺ کی اُلفت بھی

وہ ایک نام کہ جس پر ہے انحصارِ وجود

اسی کا عشق مرے پاس ہے امانت بھی!

رحیم ایسے کہ رحمت ہیں سب جہانوں کی

اُنہی ﷺکے پاس خلوص و وفا کی دولت بھی!

اُنہی ﷺ کے ذکر نے جذبے جگا دیئے دل میں

دیارِ ذات میں پھیلی ہے ان کی نکہت بھی!

پیام جن کا ہے آسودگی کا سرمایہ

اُنہی ﷺ کے نام سے قائم ہے آدمیت بھی!

اُنہی ﷺ کے نام پہ آدم کی ذرّیت نازاں

کہ جن پہ ختم ہوئی نعمتِ رسالت بھی!

اُنہی ﷺ کے نام سے توقیر ساعتوں کو ملی

زماں سے تا بہ زمن ہے بشر کی حرمت بھی

اُنہی ﷺ کے نور سے روشن جزیرۂ جاں ہے

خوشا کہ دل کو میسر ہے اُن کی قربت بھی!

عقیدتوں کے دریچے کھلیں تو کھلتا ہے

دلوں کے شہر پہ اکثر درِ بصیرت بھی!

سحر بھی کرتی ہے اُن ﷺ کے پیام کی تصدیق

ہوائیں دیتی ہیں پیغام، ہو سماعت بھی!

اُنہی ﷺ کے قرب سے بوبکر بن گئے صدیقؓ

ملی علیؓ کو اُسی ذات ﷺ سے سیادت بھی!

ہے اقتضائے محبت کہ نعت بھی لکھیے

مگر نظر میں رہے، عظمتِ رسالت بھی!

عزیزؔ نسبتِ آقا ﷺ پہ میں تو نازاں ہوں

اگرچہ ہوتی ہے اعمال پر ندامت بھی!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

تخلیق کا وجود جہاں تک نظر میں ہے

جو کچھ بھی ہے وہ حلقہء خیرالبشر میں ہے روشن ہے کائنات فقط اُس کی ذات سے وہ نور ہے اُسی کا جو شمس و قمر میں ہے اُس نے سکھائے ہیں ہمیں آدابِ بندگی تہذیب آشنائی یہ اُس کے ثمر میں ہے چُھو کرمیں آؤں گنبدِ خضرا کے بام و در یہ ایک خواب […]

نعتوں میں ہے جو اب مری گفتار مختلف

آزارِ روح میرا ہے سرکار ! مختلف الحاد کیش دین سے رہتے تھے منحرف معیارِ دیں سے اب تو ہیں دیندار مختلف بھیجا ہے رب نے ختم نبوت کے واسطے خیرالبشر کی شکل میں شہکار مختلف نورِ نبوت اور بھی نبیوں میں تھا مگر تھے مصطفیٰ کی ذات کے انوار مختلف تھا یوں تو جلوہ […]