ارادے خستہ ، قدم شکستہ، شنید ہجرت
مزید ہجرت ، مزید ہجرت ، مزید ہجرت
ہمارے خیموں کی تھوڑی قیمت لگانے والے
ہمارے دیوار و در کی قیمت خرید ، ہجرت
معاش کی فکر ایک چھلنی میں ڈال دی تھی
اور اب ہمیں کرنا پڑ رہی ہے کشید ہجرت
یہ پاوں لگتا ہے گردشوں سے بندھے ہوئے ہیں
نہیں ہے خانہ بدوشیوں سے بعید ہجرت
تھکاوٹیں مانگتی ہیں اب مستقل سکونت
مری گواہی تو دے مری چشم دید ہجرت
اور اب کے خواہش ہے کوئی اپنا ہو ساتھ کومل
اداسیوں میں گذر گئی پچھلی عید ، ہجرت