تذکرے چاروں طرف شاہِ اُمم صلی اللہ علیک وسلم! آپ کے ہیں
تذکرے چاروں طرف شاہِ اُمم ﷺ! آپ کے ہیں
ہر طرف پھیلے ہوئے نقشِ قدم آپ کے ہیں
ایسے اعمال ہیں اپنے کہ نہ پوچھیں آقا ﷺ!
شرم آتی ہے یہ کہتے ہوئے ہم آپ کے ہیں
کہہ سکیں ہم بھی سرِ بزم جہاں کاش کبھی
اب ہمارے یہ وجود اور عدم آپ کے ہیں
آپ کے دستِ سخاوت کے تصدق آقا ﷺ!
میرے کشکول میں سب دام و دِرم آپ کے ہیں
کیوں نہ ہو لائقِ تقلید حضور ﷺ! آپ کا خُلق
سارے قرآن میں اخلاق رقم آپ کے ہیں
نعت لکھنے سے جو پاتا ہے سکوں قلبِ عزیزؔ
میرے سرکار ﷺ! یہ الطاف و کرم آپ کے ہیں