اردوئے معلیٰ

Search

عمل میں حسنِ عمل کی جھلک ضروری ہے

وگرنہ سیرتِ آقا سے محض دوری ہے

 

رہے حضور کا اس طرح دھیان صبح و مسا

میں کہہ سکوں کہ مُیسَّر مجھے حضوری ہے

 

کلامِ رب کی سند سے ہے روشنی جس میں

ہر اک ادائے رسولِ کریم نوری ہے

 

مرا عمل بھی کبھی سیرتِ نبی میں ڈھلے

جہاں پکار اُٹھے اتباع پوری ہے

 

فراقِ طیبہ بہت شاق ہے طبیعت پر

حضور ! قلبِ حزیں، وقفِ ناصبوری ہے

 

کوئی علامتِ طیبہ رسی نظر آئے

تو کہہ سکوں یہ گھڑی ہجر کی عبوری ہے

 

عقیدتوں کی نگارش میں احتیاط احسنؔ

مدیحِ شہ میں بڑا جرم بے شعوری ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ