ہے لب پہ صبح و مسا , لا الہ الا اللہ
ہے بہترین دعا , لا الہ الا اللہ
اساس دین خدا لا الہ الا اللہ
ضمیر و دل کی صدا , لا الہ الا اللہ
قسم خدا کی ہر اک دور بت پرستی میں
بنا ہے راہنما , لا الہ الا اللہ
وہ دو جہان میں فوز و فلاح پائے گا
کہ جس نے دل سے کہا , لا الہ الا اللہ
فنا پذیر ہے ہر شے جہان ہستی کی
جسے ہے صرف بقا , لا الہ الا اللہ
کوئی بلال سے پوچھے احد احد کا مزہ
ہے جام عبد خدا , لا الہ الا اللہ
کتاب کرب و بلا کے ہر ایک صفحے پر
لہو سے شہ نے لکھا , لا الہ الا اللہ
اسے بجھانے کی کوشش کی لاکھ باطل نے
نہ بجھ سکا یہ دیا , لا الہ الا اللہ
یہی ہے خواہش نوری کہ جب قضا آئے
کہ ہو زباں سے ادا , لا الہ الا اللہ