اردوئے معلیٰ

Search

آج معروف ترقی پسند سندھی ادیب جمال ابڑو کا یوم پیدائش ہے

جمال ابڑو(پیدائش: 2 مئی 1924ء – وفات: 30 جون 2004ء)
——
جمال ابڑو 2 مئی 1924ء میں پیدا ہوئے۔
آپ ممتاز ماہر تعلیم علی خان ابڑو کے بیٹے تھے – انہوں نے ابتدائی تعلیم میہڑ کے قریب اپنے گاؤں سانگی میں حاصل کی۔ وہ کچھ عرصہ جوناگڑھ میں بھی زیر تعلیم رہے-
تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1948 میں جمال ابڑو وکالت کے پیشے سے وابستہ ہو گئے- کچھ عرصے تک پبلک پراسیکیوٹر رہنے کے بعد عدلیہ سے منسلک ہو گئے۔ وہ سندھ ہائی کورٹ کے جج کے طور پر ریٹائر ہوئے- اس دوران وہ سندھ اسمبلی کے سیکریٹری اور سروسز ٹربیونل کے چیئرمین بھی رہے- لیکن ان کی پہچان ادب اور ان کے ترقی پسند خیالات تھے-
انہوں نے اسکول کے زمانے سے ہی لکھنا شروع کر دیا تھا- انہوں نے سچ، پیار، محبت، انسانی حقوق، مساوات اور سماجی انصاف جیسے موضوعات پر قلم اٹھایا-
ان کی پہلی کتاب ’ پشو پاشا ‘ افسانوں کا مجموعہ تھی جس نے انہیں امر کر دیا- ان کی کہانیوں نے مواد، اسلوب، فن اور خیالات کے حوالے سے سندھی ادب میں ایک انقلاب برپا کر دیا- انہوں نے سندھی افسانہ نگاری کو نئے رجحانات سے روشناس کیا۔
ابڑو کا شمار جدید سندھی افسانے کے بانیوں میں ہوتا ہے- ان کے بعض افسانوں کے ترجمے انگریزی، اردو، روسی اور جرمن زبانوں میں بھی ہوچکے ہیں-
جمال ابڑو کا شمار ان ادیبوں میں ہوتا ہے جنہوں نے سندھی ادب میں ترقی پسند خیالات کو ناصرف روشناس کرایا بلکہ اس مقصد کے لیے علمی کام اورتنظیم سازی بھی کی-
——
یہ بھی پڑھیں : آغا سلیم کا یوم پیدائش
——
وہ سندھی ادیبوں کی ترقی پسند تنظیم سندھی ادبی سنگت کے بانیوں میں سے تھے- اس تنظیم نے سندھ میں سیاسی فکر کی ترقی اور ترویج میں اہم کردار ادا کیا-
ان کے بیٹے بدر ابڑو سندھ کے ممتاز ادیب اور محقق ہیں-
جمال ابڑو کو ادب کے علاوہ سندھ کی تاریخ اور ثقافت پر بھی دسترس حاصل تھی – انہوں کی خود نوشت سوانح کی چار جلدیں شائع ہو چکی ہیں-
ترقی پسند فکر رکھنے والے ابڑو عمر کے آخری حصے میں مذہب کی طرف راغب ہو گئے تھے ۔80 سال کی عمر میں انتقال ہوا۔
——
بدتمیز ، جمال ابڑو کا سلگتا ہوا افسانہ
مترجم یاسر قاضی
——
میں میجسٹریٹ ہوں۔ پیسے والا ہوں، اچھا کھانے پینے اوڑھنے پہننے والا اور کچھ اثر و رسُوخ والا بھی۔ میری بچّی بیمار ہو گئی۔ سورج غرُوب ہو رہا تھا، دوڑتا ہوا ڈاکٹر کے پاس پہنچا۔
ڈاکٹر صاحب کی کمائی کا سیزن تھا، اس لیے اس کے مزاج ہی نہیں مل رہے تھے۔ ماتھے پر بَل، بات بات پر خفا خفا سے ہوئے جا رہے تھے۔ مریضوں کی پُوچھ پُوچھ اور اِن کی ڈانٹ پہ ڈانٹ۔ مُجھے دیکھ کر مسکرائے، ”تشریف لائیے جناب! “ تسلّی دیتے ہوئے بولے، ”ابھی چلتے ہیں!“
مجھے بھی جلدی نہیں تھی، بیٹھ گیا۔ میں نے کہا، ”آپ بھلے کام نمٹا لیں!“
ایک بیل گاڑی اپنے پہّیے کی چِیں چاں کی آواز میں بولتی ہوئی کلینک کے باہر آکر رُکی۔ بُھوسے کی تِیلیوں پر، پَھٹی پُرانی تار تار، رَلّی میں ایک بیچارہ بیمار خود میں لپٹا ہوا پَڑا تھا۔ اُس کی بیوی اسے، اپنے سہارے، بیل گاڑی سے کلینک کے اندر تک لے آئی۔ تھا تو ادھیڑ عمر کا مگر جیسے اُس میں کھڈے پڑ گئے تھے۔
سردیاں تھیں اور ٹھٹھرتی شمالی ہوا لگ رہی تھی مگر اس کی قمیص کے بٹن تک نہیں تھے۔ اُس کی پسلیاں گوشت سے خالی تھیں، جیسے بس ہڈّیوں پر گوشت کا غلاف چڑھا ہوا تھا۔ سردی سے بچنے کے لیے۔ اللہ پاک کی عنایت کا کُھلا اظھار۔ اُسے بہت اضطراب تھا، بے چینی تھی۔ اس کی زبان تالو سے لگ رہی تھی،
”ڈاکٹر صاحب آگ! “
ڈاکٹر نے بھی اس کی طرف کچھ توجہ دی۔ اور کہا: ”سوڈا پیو! “
عورت نے شوہر کی طرف دیکھا، اور شوہر نے بیوی کی طرف۔ بہت کچھ اس ایک گھڑی میں دونوں نے ایک دوسرے سے کہا۔ عورت پر بھی جیسے کوئی سخاوت کا غلبہ آ گیا: ”ڈاکٹر صاحب، مِیٹھا سوڈا پی لے؟ “
ڈاکٹر کام میں مصروف تھا، بولا: ”جی! “
——
یہ بھی پڑھیں : نبی بخش بلوچ کا یوم وفات
——
عورت نے پہنی ہوئی اپنی بڑی بلوچی قمیص کے سامنے لگی ہوئی چھوٹی سی مخروطی جیب میں سے دو تین آنے نکال کر اپنی ہتھیلی پر رکھے۔
عورت کی گود میں، صرف قمیص میں ملبوس بیمار کے ولی عہد نے، غُوں غُوں کرتے، پیشاب کر دیا۔ آس پاس چھینٹیں پھیل گئیں۔ بچّہ بھی رویا، ڈاکٹر بھی خفا ہوا۔ ناچار خاتُون باہر جا کر اپنی قمیص نچوڑ آئی۔
میٹھے سوڈے کا ذکر وہیں رہ گیا۔ کسی نے نہیں دُہرایا۔
مریض ایک کونے میں پڑا رہا۔ اُلجھی ہوئی داڑھی، خشک بال، اندر چُبھی ہوئی آنکھیں، وحشت سے بھرپور دُھواں دُھواں مُنہ۔ ایسا لگ رہا تھا، جیسے زندگی نے اپنی تمام کوششیں کر کے، ہاتھ پاؤں مار کے اپنی ہمّت ہار لی ہو۔ موت کے ڈھانچے کے ٹھنڈے پَنجے جیسے بڑھتے، بڑے ہوتے، اس کے کمزور جسم کو جکڑتے، نچوڑتے جا رہے تھے۔ اس کا معصوم بچّہ ہر بات سے بے نیاز زمین پر رینگتا، دفعتاً سیدھا آ کر اپنے ابّا کی ناک پکڑتا۔ جسے ماں بار بار پکڑ کر اُس سے دُور کرتی رہتی۔
ڈاکٹر نے مریض کا معائنہ کرتے ہوئے، اُس کے پیٹ کو مَسَل کر ساتھ ساتھ اس کی بیگم سے پوچھا: ”کیا ہوا ہے اِسے؟ “
”دسواں دن ہے، جگر کٹ رہا ہے۔ “
اپنے ہونٹ چُوستے ہُوئے، مٹھیاں بِھینچتے ہُوئے، انتہائی اذیّت کا اظہار کرتے ہوئے، مریض بولا: ”ایسی کوئی دوا دو، کہ جگر میں ٹھنڈک آ جائے!“
”سُوئی لگاؤں، سُوئی؟ “ ڈاکٹر نے خالصتاً بیوپاری انداز میں کہا، ”چار روپے لگیں گے۔“
بیمار نے اور اُس کی بیوی نے ایک بار پھر ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔ دونوں خاموش رہے۔ ڈاکٹر کو جواب مل گیا۔
اس نے نُسخہ لکھنا شروع کیا، عینک کے اوپر سے دیکھتے اس نے پُوچھا: ”کتنے دنوں کی دوائی چاہیے، سات دنوں کی کروں؟“
ڈاکٹر، عورت کی قمیص میں لگی چھوٹی جیب کی مَندی اچھی طرح سے بھانپ گیا تھا۔ ”چار دن کی کر دو!“ مریض نے خود سے کہہ دیا۔
ڈاکٹر نے نسخے پر کچھ لکھا اور وہ کاغذ کمپاؤنڈر کی طرف بھیج دیا۔
عورت نے دوائی لی۔ پیسے گِن کر، پھر گِنے۔ اپنی کُھلی ہوئی ہتھیلی اُٹھا کر کمپاؤنڈر کی طرف بڑھا دی۔ اس نے کم و بیش اس وقت، اس کے پاس موجود اس کی تمام پونجی اُچک لی۔ اس بے چاری عورت کے چہرے پر اعتراض، پھر منّت و سماجت اور آخر میں رونے جیسے آثار آ گئے۔ مگر انجکشن پھر بھی نہیں لگا۔
”ڈاکٹر صاحب، کھائے کیا؟“
”دُودھ، کشمش اور کینُو کا رس۔“
خاتُون بے چاری چپ ہو گئی۔ ”ڈاکٹر صاحب، کھچڑی کھا سکتا ہے! “
ڈاکٹر آگ بگولا ہو گیا: ”جو جی چاہے، کھا لے۔ تم لوگ باز نہیں آؤ گے، مَرے تو مرے، مگر چاول ضرور کھائے!“
عورت نے شوہر کو سہارا دیا۔ جو ہانپتا، کانپتا، کراہتا جا کر بیل گاڑی پر بِچھے اُسی بُھوسے کے بستر پر جا گِرا۔
انجکشن نہیں لگا، اور کھانے کے لیے مجھے تصوّر کی آنکھ سے انتہائی سادہ چاولوں کے دانے پانی میں اُبلتے ہوئے نظر آئے۔
بیل گاڑی چِیں چِیں کی آوازیں نکالتی روانہ ہو گئی۔ مِیٹھے سوڈے اور کینو کے رس سے دُور۔ اس عورت کا سرتاج، اس معصُوم بچّے کا باپ، اس ننھے نظامِ شمسی کا مرکز، اندھیرے میں غائب ہوتا گیا۔
——
یہ بھی پڑھیں : جس کو عورت کا احترام نہ ہو
——
ڈاکٹر میرے ساتھ چَلا۔ میری بچّی کا معائنہ کیا، آدھا پون گھنٹہ بیٹھا۔ انجکشن کیا، دوائیاں دیں، دوائیاں لکھیں بھی اور پھر باہر نکلا۔
میں اُس کے ساتھ اُسے تانگے تک رخصت کرنے آیا۔ دس روپے کا نوٹ اس کے ہاتھ میں دیا۔ جو اس نے مُسکرا کر واپس کر دیا۔
”واہ صاحب، میں ایسا بدتمیز ہوں کیا؟“
تانگہ روانہ ہو گیا۔ پہّیے گھومتے گئے، گھوڑے کے پیروں کی ”ٹاپ ٹاپ “، تانگے کی ”کَھڑ کَھڑ “ اور بیل گاڑی کی ”چِیں چِیں۔ “ کی آوازیں مِل کر ایک ہو گئیں۔
”بدتمیز۔ بدتمیز۔ بدتمیز
یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ