اردوئے معلیٰ

Search

آج معروف شاعر خورشید رضوی کا یوم پیدائش ہے

خورشید رضوی(پیدائش: 19 مئی 1942 ء )
——
خورشید رضوی امروہہ ، بھارت میں 19 مئی 1942 ء کو پیدا ہوئے ، قیامِ پاکستان کے بعد منٹگمری ( موجودہ ساہیوال ) میں ایک بچے کے طور پہ ہجرت کی ۔
انہوں نے اسلامیہ ہائی اسکول ، گورنمنٹ ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے گریجویشن کی ۔
بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے یونیورسٹی اورینٹل کالج لاہور چلے گئے اور 1961ء میں عربی میں ایم اے کیا اور طلائی تمغہ حاصل کیا ۔
انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے عربی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔
پروفیسر ڈاکٹر خورشید رضوی عربی ، فارسی ، اردو ، پنجابی اور انگریزی زبانوں کے ایک کثیر جہتی اسکالر ہیں ۔
انہیں 2008 ء میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز سے نوازا گیا ۔
——
عہدِ خزاں کا شاعر از ہارون الرشید
——
خورشید رضوی کی شاعری میں روزِ ازل کے پیمان کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔ فردوسِ گم گشتہ کی تصویریں، جو کبھی تھا اور جس کی تمنا بے تاب کیے رکھتی ہے۔ حیات کی ہما ہمی میں جو کبھی یاد آتا ہے، کبھی بھلا دیا جاتا ہے… اور اس بھول جانے کا غم، شاموں اور شبوں کی خاموشی میں دل پر دستک دیتا ہے۔ دیتا ہی رہتا ہے!
لسانی افلاس کے اس عہد ہی کی بات نہیں۔ گزرے ہوئے بے نام زمانوں سے آج تک شاعروں ہی نے حسنِ بیاں کے جلال و جمال کو زندہ رکھا۔ انسانی لغت ورنہ بازاروں اور درباروں میں برباد ہو گئی ہوتی۔ شاعر اگر نہ ہوتے، پھول اور بادل اگر نہ ہوتے۔ کرّہء خاک اگر چمن زاروں، ندیوں اور دریاؤں سے تہی ہوتا تو اس ویرانے میں زندگی کیسی ہوتی؟
ڈاکٹر وزیر آغا نے کہا تھا: اس کے ہاں کلاسیکی عہد کی غنائیت بھی ہے اور زمانہء حال کی تیز نگاہی بھی‘ جو عالمِ صغیر اور عالمِ کبیر دونوں کی کناہ تک پہنچنے کی سعی میں ہے۔
——
یہ بھی پڑھیں : شاعری کا عالمی دن
——
ایک نامور سکالر، ماہرِ لسانیات اردو ہی نہیں، عربی کا مزاج شناس، فارسی اور پنجابی پہ دسترس۔ ایک مرتب اور مہذب آدمی۔ ادب اور تعلیم کے ہر دیار میں جس کا اکرام ہے۔ با ایں ہمہ اداسی ہے کہ اس کا پنڈ نہیں چھوڑتی۔ کیا محض ایک مورت کے گم ہو جانے کا ملال ہے یا کچھ اور بھی؟ وہ، جس نے اقبالؔ کو رلائے رکھا۔ ”ہم رہے اور قوم کے اقبال کا ماتم رہا‘‘ خورشید رضوی کا حزن دھیما ہے، خود اپنے آپ سے کلام کرتا اور سوال پوچھتا ہوا مگر پیہم اور مسلسل، گویا ایک طرزِ زندگی ہے۔ زمستاں سے پہلے خزاں کی شام میں ابر برستا ہے اور پیلے پتّے شجر سے رہائی پاتے ہیں۔ خورشید رضوی خزاں کے اسی موسم کا شاعر ہے، جو بہت طویل ہو گیا ہے۔ مدّتوں سے اس کی قوم خزاں کی دہلیز پہ ششدر کھڑی ہے۔ سامنے اس کے ایک جنگل ہے اور اس جنگل کے پار وہی فردوسِ گشتہ مگر اب تک وہ ٹھٹھری کھڑی ہے۔ خزاں کی یہ راتیں خورشید رضوی کے مطالعے کے لیے شاید موزوں تر ہیں۔ ان کا تازہ مجموعہء کلام ، دیریاب۔
——
دل غمِ ہستی کے ہاتھوں خوں فشاں ہے
تو کہاں ہے؟
رخ پہ پھر اشکوں کا سیلابِ رواں ہے
تو کہاں ہے؟
اے رگِ جاں سے قریب تر
فاصلے سے جلوہ افگن ہو
کہ میں کچھ دیکھ پاؤں
ثبت کر ماتھے پہ میرے اپنے بوسے کا نشاں
اپنا دستِ غیب مرہم کی طرح دل پہ اتار
ریت کی دیوار کی صورت
ہوائے تند کی زد پہ یہ عمرِ رائیگاں ہے
تو کہاں ہے؟
——
یہ در و بام پہ گنبد و محراب
سربسر ہیں مری نظر کا حجاب
کاش پھر سے وہی مدینہ ہو
پھر وہی شہرِ پُر سکینہ ہو
کچّی گلیاں ہوں، کچّی دیواریں
اور کھجوروں کے شاخچوں کی چھتیں
کو بہ کو نقشِ پائے احمد ہو
سو بہ سو خوشبوئے محمد ہو
صورتیں ہوں نبی کے پیاروں کی
جس طرح مشعلیں ستاروں کی
اہلِ منزل نہ راستہ پوچھیں
آنکھ سے دیکھ لیں تو کیا پوچھیں
——
ڈاکٹر خورشید رضوی کو جو حزن عطا ہوا، وہ اسے قاری کی رگِ جاں میں گھولتے ہیں۔
——
یہ بھی پڑھیں : خاور رضوی کا یومِ وفات
——
ان کی آوا ز خون کی روانی میں ڈوبتی، تیرتی اور ابھرتی رہتی ہے۔ حیرت ہوتی ہے کہ شاعر کے عہد نے پوری طرح اسے پہچانا کیوں نہیں۔ مجید امجد کے ہم نفس نے مجید امجد ہی کا مقدر پایا۔
——
خوب و ناخوب کی جاں سوز یہ کاہش کیوں ہے
دل جسے ترک کرے، دل میں وہ خواہش کیوں ہے
پار کیوں میری نظر کو نہیں جانے دیتے
آنکھ پہ حلقہء آفاق کی بندش کیوں ہے
زخم در زخم ترے دستِ جفا سے ہے نگر
دل ترے نام پہ مجبورِ ستائش کیوں ہے
——
وہی خوشبو کبھی گلشن سے کبھی بن سے نکال
وہی آتش کبھی گل سے کبھی آہن سے نکال
آنکھ کو وسعتِ صحرا کا تماشائی کر
نگہء مردہ و افسردہ کو روزن سے نکال
کر کچھ ایسا کہ تری خاک میں پرواز آئے
اب کوئی اسپ فلک سیر اسی توسن سے نکال
قربِ منزل کی بشارت ہے بہت دور کی بات
راہبر پہلے ہمیں پنجہء رہزن سے نکال
——
ریت کی طرح نہ مٹھی سے پھسلتی چلی جا
اے مری عمرِ رواں یوں بھی نہ ڈھلتی چلی جا
پاؤں محکم نہیں پڑتا تو آزردہ نہ ہو
ٹھوکریں راہ کی برحق ہیں، سنبھلتی چلی جا
ذوقِ پروانگی پایا ہے تو جلنا ہو گا
شمع بن جانے کی دھن ہے تو پگھلتی چلی جا
——
یہ سب زمین و زماں پھر بنانا چاہتا ہوں
بگڑ گیا ہے جہاں، پھر بنانا چاہتا ہوں
وہ جن میں ہوں نئے امکاں، نئے شب و روز
میں اپنے وہم و گماں پھر بنانا چاہتا ہوں
جو میرے اپنے ہوں اور اپنے ہاتھ میں ہوں
وہی خدنگ و کماں پھر بنانا چاہتا ہوں
بہت دنوں سے اسے سن کے جاگتے نہیں دل
حرم کی طرز اذاں پھر بنانا چاہتا ہوں
——
مسکراہٹ نقش ہے ہونٹوں پہ عبرت کی طرح
غم بہت کم رہ گیا آنکھوں میں حیرت کی طرح
زندگی گزری تھی بہت پُرلطف بھی، سنسان بھی
سردیوں کی تنہا رات کی مسافت کی طرح
آدمی کی خصلتوں ہی میں ہے اس کی سرنوشت
ہے مرا رنگِ طبیعت میری قسمت کی طرح
جانے کس لمحے کوئی محشر بپا ہو جائے گا
سب کے دل میں ایک لمحہ ہے قیامت کی طرح
——
سایہ بن جاؤں، نہ پل بھر تجھے تنہا چھوڑوں
چھوڑ دوں اپنا وطن، اپنا قبیلہ چھوڑوں
گونج دھڑکن کی سنوں گنبدِ دل میں محصور
دل سے باہر جو نکلتا ہے وہ رستہ چھوڑوں
اپنے ہونے کا پتہ دینے کی دھن کیسی ہے
پاؤں جل جائیں مگر نقشِ کفِ پا چھوڑوں
تو بھی اے شامِ طرب اب مرے خوابوں سے نکل
میں بھی اے صبحِ تمنا ترا سودا چھوڑوں
——
کمال ضبط ملا ہے مجھے مگر پھر بھی
سلگ اٹھا غمِ پنہاں سے پیرہن آخر
کبھی ملا تو کدورت بھی چھَٹ جائے گی
کہ دائمی تو نہیں چاند کا گہن آخر
——
جو میسر تھا، لٹاتے رہے سرشاری میں
اہلِ دنیا سے کسی چیز کی قیمت نہیں لی
ہم نے جو کچھ بھی کیا، عمرِ دو روزہ میں کیا
ابدیت کے لیے مرگ سے مہلت نہیں لی
اس گرانی کی سکت مرے کاندھوں میں نہ تھی
بھول کر ہاتھ میں آبا کی وصیت نہیں لی
اک نگاہِ غلط انداز بھی دنیا پہ نہ کی
رشک تو دور بہت دور ہے، عبرت نہیں لی
——
کتاب سے جن کا رشتہ ہی نہیں، انہیں کیا خبر کہ شعر کیا ہے۔ کہانی کیا ہے اور زندگی کو ان کی احتیاج کیوں ہے۔ افسوس کہ شہر بازار ہو گئے۔ گھر اور دل ویران ہوئے۔
——
یہ بھی پڑھیں : سجاد باقر رضوی کا یوم پیدائش
——
ایک نہیں، خورشید رضوی کے شعر میں ان گنت حسرتوں کی بازگشت ہے۔ زندگی کے شائستگی سے محروم ہو جانے کا مسلسل نوحہ۔ دہائی دیتا ہوا اس کا بچپن اور لڑکپن۔ حیرت انگیز یہ ہے کہ شاعر میں اس عہد کی معصومیت پوری طرح بے ساختگی کے ساتھ زندہ ہے، سانس لیتی ہوئی۔ اپنے زمانے سے ماورا، اپنے عہد سے بے نیاز۔ اپنے گرد و پیش کے گنوار پن سے گریز کی آرزو، بیتے زمانوں میں جی نہ سکنے کی کی حیرت۔ ”دیریاب‘‘۔ خورشید رضوی کی شاعری میں روزِ ازل کے پیمان کی بازگشت ہے۔ فردوسِ گم گشتہ کی تصویریں، جو کبھی تھا اور جس کی تمنا بے تاب کرتی ہے۔ حیات کی ہما ہمی میں جو کبھی یاد آتا ہے، کبھی بھلا دیا جاتا ہے ، اور اس بھول جانے کا غم شاموں اورشبوں کی خاموشی میں دل پر دستک دیتا ہے۔ دیتا ہی رہتا ہے!
——
منتخب کلام
——
آخر کو ہنس پڑیں گے کسی ایک بات پر
رونا تمام عمر کا بے کار جائے گا
——
یہ دور وہ ہے کہ بیٹھے رہو چراغ تلے
سبھی کو بزم میں دیکھو مگر دکھائی نہ دو
——
آساں تو نہیں اپنی ہستی سے گزر جانا
اترا جو سمندر میں دریا تو بہت رویا
——
خورشیدؔ اب کہاں ہے کسی کو پتا نہیں
گزرا تو تھا کسی کا پتا پوچھتا ہوا
——
پلٹ کر اشک سوئے چشم تر آتا نہیں ہے
یہ وہ بھٹکا مسافر ہے جو گھر آتا نہیں ہے
——
جسم کی چوکھٹ پہ خم دل کی جبیں کر دی گئی
آسماں کی چیز کیوں صرف زمیں کر دی گئی
——
یا شکن آلود ہو جائے گی منظر کی جبیں
یا ہماری آنکھ کے شیشے میں بال آ جائے گا
——
شان ان کی سوچیے اور سوچ میں کھو جایئے
نعت کا دل میں خیال آئے تو چپ ہو جایئے
سونپ دیجے دیدہ تر کو زباں کی حسرتیں
اور اس عالم میں جتنا بن پڑے رو جایئے
یا حصار لفظ سے باہر زمین شعر میں
ہو سکے تو سرد آہوں کے شجر بو جایئے
اے زہے قسمت کسی دن خواب میں پیش حضور
فرط شادی سے ہمیشہ کے لئے سو جایئے
اے زہے قسمت اگر دشت جہاں میں آپ کے
نقش پا پر چلتے نقش پا ہو جایئے
——
وہ جس سے مری آنکھ ہے بینا، ہے مدینہ
وہ جس سے منور مرا سینہ، ہے مدینہ
ملتا ہے یہاں زہر شب و روز کا تریاق
ہے وقت اگر سیل، سفینہ ہے مدینہ
ہے نقش یہاں نام رسول عربی کا
انگشتری دل کا نگینہ ہے مدینہ
اندازہ نہ کر اس کا فقط آب و ہوا سے
فردوس ہے فردوس مدینہ ہے مدینہ
اس خاک میں ہے نور ابد گیر و ازل تاب
انوارِ نبوت کا دفینہ ہے مدینہ
——
ہے وہی کنجِ قفس اور وہی بے بال وپری
وہی مَیں اور تمنّا کی وہی بے اثری
لب ملے ہیں سو شب و روز ہیں فریاد کناں
آنکھ پائی ہے سو ہے وقفِ پریشاں نظری
کس سے کیجیے خلشِ سوزشِ پنہاں کا بیاں
کون سنتا ہے یہاں قصۂِ شوریدہ سری
السّلام اے شہِ جنّ و ملک و حور و بشر
جس کے قامت پہ کُھلا حُسنِ لباسِ بشری
جِس کے نقشِ کف پا دامنِ صحرا پہ گُلاب
فیض سے جن کے ہو تپتی ہوئی مٹی بھی ہری
کُوبکو جس کی ضیا مہرِ درخشاں کی طرح
چار سُو جِس کی عطا مثلِ نسیم سحری
جِس کے گھر میں نہیں مِلتے زر و گوہر ، وہ غنی
ہاتھ میں جس کے نہ شمشیر نہ خنجر، وہ جری
تیرے اوصاف کہاں اور کہاں میری زباں
طاقتِ و صف سے بالا تری والا گُہری
بہ حسب صاحبِ اسراء و براق و معراج
بَہ نسب مطّلبّی و قرشیّ و مُضری
فیض نے تیرے تراشے ہیں جواہر کیا کیا
زور و فقرِ علویؓ ، عدل و جلالِ عُمریؓ
کجکلاہوں کو مبارک ہوسِ مال و منال
اس گدا کو ترے دروازے کی دریوزہ گری
تُو جو چاہے تو بنے مخزنِ انوارِ صفا
یہی جھولی کہ جو اب تک ہے گناہوں سے بھری
——
تجھ سے جی لگتا ہے میرا، جانِ تنہائی ہے تو
میرے اندر کا جہاں ہے، دل کی گہرائی ہے تو
یہ زمیں یہ سبزہ و گل، یہ فلک یہ مہر و ماہ
اے مصور! سب کی روح نقش آرائی ہے تو
تو پرندوں کو فضا میں تھامتا ہے دمبدم
بال و پر کا زور، ہمت کی توانائی ہے تو
جھومتی شاخیں، مہکتے گل، چہکتے خوش نوا
ساری رونق تیرے دم سے، سب کی زیبائی ہے تو
تو بصارت اور سماعت بخشتا ہے خاک کو
پیکروں کے درمیاں وجہ شناسائی ہے تو
کون ہے فرماں روائے بحر و بر تیرے سوا
خاک کی وسعت ہے تو، پانی کی پہنائی ہے تو
حکم سے تیرے ڈھلا کرتے ہیں گوہر زیر آب
تیرگی کی روشنی، ظلمت کی بینائی ہے تو
تیرے دم سے چار سو نقش و نگار نو بہ نو
اور ان کے درمیاں احساس یکتائی ہے تو
یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ