اردوئے معلیٰ

Search

آج نامور افسانہ نگار ممتاز مفتی کا یوم وفات ہے۔

ممتاز مفتی(پیدائش: 11 ستمبر 1905ء – وفات: 27 اکتوبر 1995ء)
——
ممتاز مفتی اردو ادب میں ایک ممتاز نام۔ ممتاز مفتی اپنی اوائل دور میں ایک لبرل اور مذہب سے بیگانے دانشور کی حیثیت سے مشہور تھے۔ ممتاز شیریں کی طرح وہ بھی سگمنڈ فرائڈ کے کام سے متاثر تھے۔ اشفاق احمد جو ممتاز کے قریبی دوست تھے کے مطابق ممتاز تقسیم ہند سے پہلے غیر معروف ادب کے انتہائی دلدادہ تھے، یہاں تک کہ وہ اکثر سویڈن کے کئی غیر معروف ادیبوں کے ناول پڑھتے نظر آتے۔ ممتاز ابتدا میں تقسیم ہند کے انتہائی مخالف تھے لیکن بعد میں انتہائی محب وطن پاکستانی اور اسلام پسند کے طور پر جانے گئے۔ کہا جاتا ہے کہ ان کی ذات میں یہ تبدیلی قدرت اللہ شہاب سے تعلق قائم ہونے کے بعد پیش آئی۔ گو کہ ان کی شخصیت پر قدرت اللہ شہاب کی عادات، اطوار اور نظریات اثر انداز ہوئے لیکن پھر بھی وہ بحیثیت ادیب اپنی یگانیت اور اچھوتے پن کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ ممتاز کی تحریریں زیادہ تر معاشرے میں موجود کئی پہلوؤں اور برائیوں کو اجاگر کرتی نظر آتی ہیں۔
ممتاز مفتی کا اصل نام مفتی ممتاز حسین تھا۔ ممتاز  11 ستمبر 1905ء بمقام بٹالہ (ضلع گورداسپور) بھارتی پنجاب میں مفتی محمد حسین کے ہاں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم امرتسر، میانوالی، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں پائی۔ میٹر ک ڈیرہ غازی خان سے اور ایف اے امرتسر سے اور بی اے اسلامیہ کالج لاہور سے کیا۔ ان کا پہلا افسانہ "جھکی جھکی آنکھیں” ادبی دنیا لاہور میں شائع ہوا اور اس طرح وہ مفتی ممتاز حسین سے ممتاز مفتی بن گئے۔ ان کے کئی افسانوی مجموعے شائع ہوئے جن میں "ان کہی”،”گہماگہمی”، "چپ”، "روغنی پتلے” اور "سمے کا بندھن” شامل ہیں۔ "علی پور کا ایلی” اور "الکھ نگری” سوانحی ناول میں شمار ہو تے ہیں۔ جبکہ”ہند یاترا”، "لبیک” جیسے سفر نامے بھی تحریر کیے اور خاکہ نگاری میں "اوکھے لوگ”،”پیاز کے چھلکے” اور "تلاش” جیسی کتابوں کے خالق ہیں۔
——
یہ بھی پڑھیں : مسعود مفتی کا یومِ وفات
——
ممتاز مُفتی کہانی ، افسانہ اور شخصیت نگاری کا خوبصورت حوالہ ہیں۔انہوں نے جس شخصیت کو بھی اپنا موضوع بنایااسے اِس خوبصورتی اور اچھوتے پن کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا کہ وہ شخصیت اپنی تمام تر آب و تاب کے ساتھ ابھر کر سامنے آگئی۔ممتاز مفتی نے شخصیت نگاری، خاکہ نویسی کو ایک نئی ہیٔت دی، انداز دیا، ایک نیا اسلوب دیا۔ مَیں ممتاز مُفتی کا پَیرو کار اس اعتبار سے ہوں کہ ممتاز مُفتی شخصیت نگار ی کے فن کے استاد ہیں اور میں بھی اس شعبے میں گزشتہ تین دہائیوں سے ٹامک ٹوئیاں مار رہا ہوں، شخصیت نگاری ، خاکہ نگاری کا ایک طالب علم ہوں، میں نے ممتاز مفتی کو پڑھا اور ان سے بہت کچھ سیکھا،اگر میں یہ کہوں کہ وہ میرے روحانی استاد ہیں تو غلط نہ ہوگا۔ آج میرا موضوع ممتاز مفتی ہیں ۔ ان پر لکھنے کی ابتدا ان ہی کی کہی ہوئی بات سے ہی شروع کروں گا، ممتاز مُفتی کا کہنا تھا کہ’ آپ کو صرف اس شخصیت پر لکھنے کا حق حاصل ہے جس کے لیے آپ کے دل میں جذبہ ٔ احترام ہے‘۔ میں ممتاز مُفتی کی اس بات کی سو فیصد تائید کرتا ہوں ، میری اپنی رائے بھی یہی ہے اور میں نے اپنے تجربے سے یہ سیکھا ہے کہ شخصیات کو اپنا موضوع بنانے والوں کو انہی لوگوں پر قلم اٹھانا چاہیے جن کے لیے ان کے دل میں محبت، اِحتِرام، عزت، توقیر اور حُرمت کا جذبہ پایا جاتا ہو۔ الحمد اللہ مَیں نے اب تک بے شمار احباب کی شخصیت کو اپنا موضوع بنایا ، ان میں شاعر ، ادیب، مصنفین، سماجی شخصیات، سیاسی شخصیات، اپنی ماں اور اپنے باپ کے علاوہ بعض عزیز و رشتہ داروں پر لکھ میرے دل میں ان کے لیے یہی جذبہ تھا۔ اردوکا یہ مایۂ ناز افسانہ نگار ، خاکہ نگار اور سفر نامے لکھنے والا ادیب و قلم کار 27اکتوبر 1995 ء میں ہم سے جدا ہوا لیکن اس کی تحریریں آج بھی ادب کی دنیا میں اہم ہیں.
——
یہ بھی پڑھیں : مفتی محمد شفیع کا یوم پیدائش
——
آپ 27 اکتوبر 1995ء کو 91 برس کی عمر میں اسلام آباد میں وفات پا گئے۔
ممتاز نے افسانے، مضامین، سفرنامے، ڈرامے، ناول اور خودنوشت لکھی۔ ان کی قابل ذکر تصانیف میں:
علی پور کا ایلی (1961ء، خودنوشت/ناول)
الکھ نگری (خودنوشت کا دوسرا حصہ)
ان کہی (پہلا افسانوی مجموعہ)
پیاز کے چھلکے (1968ء، خاکے)
گہما گہمی (1944ء)
چپ (1947ء، افسانے)
اسمارائیں (1952ء، افسانے)
گڑیا گھر (1965ء، افسانے)
روغنی پتلے (1984ء، 18 افسانے)
سمے کا بندھن (1986ء، افسانے)
کہی نہ جائے (1992ء، افسانے)
غبارے (1954ء، مضامین)
ہند یاترا (1982ء)
رام دین (1986ء، سولہ مضامین اور ایک رپورتاژ)
اور اوکھے لوگ
اوکھے اولڑے (1995ء)
لبیک (1975ء)
نظام سقا (1952ء، 2 ڈرامے)
تلاش (1996ء)
گڈی کی کہانی
مداحِ ہومیو پیتھی (ہومیو پیتھی پر مضامین، مرتبہ: خالد مسعود قریشی، 2011ء)
پی ایچ ڈی کے مقالات
ممتاز مفتی کا فکری ارتقا (ڈاکٹر، نجیبہ عارف)
ممتاز مفتی – احوال و آثار (ڈاکٹر، روبینہ رفیق)
ممتاز مفتی کے افسانوی ادب میں نفسیات نگاری (ڈاکٹر، عبد الکریم خالد)
ممتاز مفتی پر لکھی گئی کتب[2]
مہا اوکھا مفتی (عکسی مفتی)
ممتاز مفتی، حیات اور ادبی خدمات ( ڈاکٹر ریحان حسن)
علی پور کا مفتی (پروفیسر احمد عقیل روبی)
مفتی جی (ابدال بیلا)
——
ممتاز مفتی کی آفیشل ویب سائیٹ
mumtazmuftee.com
یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ