اردوئے معلیٰ

Search

آج فارسی زبان و ادب کے ممتازعالم، اورینٹل کالج لاہور میں فارسی کے پروفیسر ، غالب شناس، محقق اور مترجم وزیر الحسن عابدی کا یومِ وفات ہے ۔

وزیر الحسن عابدی (پیدائش: یکم اگست، 1913ء- وفات: 29 جون، 1979ء)
——
پروفیسر سید وزیر الحسن عابدی فارسی زبان و ادب کے ممتازعالم، اورینٹل کالج لاہور میں فارسی کے پروفیسر ، غالب شناس، محقق اور مترجم تھے۔
وزیر الحسن عابدی یکم اگست 1913ء کو موضع پیدی، بجنور، اتر پردیش، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم بجنور میں حاصل کی۔بی اے کا امتحان بطور پرائیویٹ امیدوار پاس کیا۔ اینگلو عربک سوسائٹی دہلی کے قائم کردہ اسکول (نزد اجمیری دروازہ دہلی) میں فارسی کے استاد مقرر ہوئے۔ 45-1944ء میں دہلی یونیورسٹی سے فارسی میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ پروفیسر ڈاکٹر عبادت بریلوی (سابق پرنسپل اورینٹل کالج لاہور جو ان دنوں دہلی یونیورسٹی میں صدر شعبہ اردو تھے) کی وساطت سے اینگلو عربک کالج میں فارسی کے لیکچرار مقرر ہوئے۔ تقسیم ہند سےا یک سال قبل وظیفہ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے دہلی چھوڑ کر تہران یونیورسٹی چلے گئے۔ تہران یونیورسٹی میں پانچ سال زیرِ تعلیم رہے۔ وہاں پر ایم اے (فارسی ) کے علاوہڈاکٹریٹ کا مقالہ لکھنے میں مشغول ہو گئے۔ ابھی تہران ہی میں تھے کہ جامعہ پنجاب کے وائس چانسلر کی دعوت پر یونیورسٹی اورینٹل کالج کے شعبہ فارسی میں بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر تعینات ہو گئے۔ اس بنا پر اپنا ڈاکٹریٹ کا مقالہ پیش نہ کر سکے۔ 1974ء میں بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر ملازمت سے ریٹائر ہو گئے۔ دوران تدریس ایم اے کی سطح پر 30 سے زائد طلبہ کی تحقیقی مقالات لکھنے میں رہنمائی کی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد شعبہ تاریخ ادبیات مسلمانانِ پاکستان و ہند سے منسلک ہو گئے۔ کئی سال تک معمولی تنخواہ پر اس شعبہ میں کام کرتے رہے۔
——
یہ بھی پڑھیں : رضا علی عابدی کا یوم پیدائش
——
وزیر الحسن عابدی فارسی زبان و ادبیات کے علاوہ الٰہیات، تاریخ، فلسفہ، نفسیات، جملیات، منطق، فقہ اور حدیث کے بھی عالم تھے۔ انہوں نے غالب کی دو نایاب کتابیں باغ دو در اور گل رعنا دریافت کر کے مع مفصل حواشی و تعلیقات کے ساتھ شائع کیں۔ اس کے علاوہ غالب کے جشن صد سالہ کے موقع پر غالب کی فارسی کتابوں کو بڑی محنت سے مرتب کیا۔ ان میں غزلیات فارسی، پنج آہنگ ، افادات غالب اور سبد چین خاص طور پر اہمیت رکھتی ہیں۔ ان کا بہت تحقیقی کام اب بھی غیر مطبوعہ ہے، جو ان کے نا موافق معاشی حالات کے سبب شائع نہ ہو سکا۔ ان کی دیگر تصانیف و تالیفات میں مقالات منتخب، افادات غالب، یاد داشت ہائے مولوی محمد شفیع ، سید حسین، اقبال کے شعری مآخذ مثنوی رومی میں اور کوروش اعظم شامل ہیں۔ انہوں نے کلیات خسرو بھی مرتب کی۔ حکومت ایران نے انہیں نشان سپاس کا اعزاز عطا کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے لا تعداد تحقیقی مضامین و مقالات تحریر کیے جو مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہوئے۔
——
تصانیف و تالیفات
——
غالب کے چند متن تصحیح کے بعد (1969ء)
غزلیات غالب (تصحیح و تدوین، 1969ء)
دیوان ملک الشعرا ابو الفیض فیضی (مرتبہ)
کلیات امیر خسرو دہلوی (ترتیب و نظر ثانی)
اقبال کے شعری مآخذ مثنوی رومی میں
فہرست نسخہ خطی کتابخانہ حافظ محمود خان شیرانی
انتخاب دبستان عجم (دو جلدیں)
دستور زبان فارسی
یاد داشت ہائے مولوی محمد شفیع
افادات غالب
مقالات منتخب
——
وفات
——
ڈاکٹر وزیر الحسن عابدی کی وفات بروز جمعہ 29 جون 1979ء کو لاہور میں ہوئی۔ ان کی آخری آرام گاہ میانی صاحب قبرستان میں ہے۔
——
پروفیسر سید وزیر الحسن عابدی مرحوم کی حیات و خدمات پہ ایک مفصل مضمون اس لنک پہ پڑھا جا سکتا ہے ۔
سید وزیر الحسن عابدی
یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ