اردوئے معلیٰ

Search

آپ ہی کا فیض ہے سارے کا سارا یا نبی

کر رہا ہوں آپ کے در کا نظارا یا نبی

 

آپ کو جب بھی مصیبت میں پکارا یانبی

مل گیا ہے آپ کا ہم کو سہارا یا نبی

 

آپ سے ہی استغاثہ کر رہے ہیں ہم سدا

آپ پر ہے حال سارا آشکارا یا نبی

 

آپ کی چشمِ عنایت جس گدا پر ہو گئی

پھر کہاں رہتا ہے وہ فرقت کا مارا یا نبی

 

دو جہاں میں جن کا کوئی والی و وارث نہیں

آپ ہیں اُن بے سہاروں کا سہارا یا نبی

 

آپ کیا آئے دو عالم میں بہاریں آ گئیں

آپ سے چمکا ہے ہم سب کا ستارا یانبی

 

اپنے در کی حاضری کا اِذن دے دیجے فقط

اپنے پیاروں کا ہمیں دیجے اُتارا یا نبی

 

پیڑ حاضر ہو گیا پتھر نے کلمہ پڑھ لیا

آپ کا جس نے بھی پایا ہے اشارا یا نبی

 

آپ نے خاکیؔ کو اپنی نعت گوئی بخش دی

ٹھاٹھ سے ہوتا ہے اب اس کا گزارا یا نبی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ