اردوئے معلیٰ

آج نامور شاعر ماہر القادری کا یومِ پیدائش ہے۔

ماہر القادری
(پیدائش: 30 جولائی، 1907ء – وفات: 12 مئی 1978ء)
——
ماہر القادری کا اصل نام منظور حسین اور ماہرؔ تخلص تھا۔ وہ30 جولائی1906ء کو ضلع بلند شہر (یو۔پی بھارت) کے ایک قصبہ کسہیہ کلاں میں پیدا ہوئے۔اُن کے والد کا نام معشوق علی تھا۔
ماہر القادری نے قرآنِ حکیم اور اُردو کی ابتدائی تعلیم گاؤں کے مکتب سے حاصل کی۔1926ء میں انہوں نے میٹرک کا امتحان مسلم یونیورسٹی علی گڑھ سے پاس کیا۔ مولانا عبد القادر بدایونی کی سفارش پر ماہر القادری  نے 1926ء کو حیدر آباد دکن میں محکمہ ڈاک میں ملازمت حاصل کی۔ حیدر آباد دکن میں کم و بیش پندرہ برس تک مقیم رہے۔
1944ء میں بمبئی منتقل ہوئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد اپریل1949ء کو ماہر القادری نے ماہنامہ ’’فاران‘‘ کا اجراء کیا جو بڑی پابندی کے ساتھ29 برس تک شائع ہوتا رہا۔1954ء میں ماہر صاحب نے حج کے مشاہدات و تاثرات پر ’’کاروان حجاز‘‘ کے نام سے کتاب تحریر کی۔ ماہر القادری کی شاعری کی کتب1939ء سے 1956ء تک منظر عام پر آتی رہیں، جو درج ذیل ہیں:
۱۔ ظہورِ قدسی (نعتیہ مجموعہ)
۲۔ محسوسات ماہر
۳۔ نغماتِ ماہر
۴۔ ذکرِ جمیل
۵۔ جذباتِ ماہر
۶۔ فردوس
مجموعی اعتبار سے ماہر القادری کی صحت عمر بھر قابل رشک رہی آخری چند سال وہ عارضہ قلب میں مبتلا رہے اور72 برس کی عمر میں 1978ء کو وفات پا گئے
——
یہ بھی پڑھیں : نامور شاعر ماہر القادری کا یومِ پیدائش
——
ماہر القادری کی آخری سانس از ڈاکٹر عبداللہ عباس ندوی
ماخوز از فاران دسمبر ۱۹۷۸ ماہر القادری نمبر
——
منظور حسین صدیقی ماہر القادری
۔ 1906 1978
” ماہر القادری صاحب کو موت مکہ لائی تھی ۔ ”
"میں تو کہتا ہوں کہ مشاعرہ ہوا ہی اسی لیے تھا کہ ماہر القادری صاحب کو جنت المعلیٰ میں جگہ مل جائے ”
"اللہ بخشے بڑی اچھی موت پائی ”
جی ہاں ، جمعہ بارہ مئی کو مغرب اور عشا کے درمیان جنت المعلیٰ کے اس حصے میں جہاں حاجی امداللہ صاحب مہاجر مکی کی قبر ہے ماہر القادری صاحب کو دفن کیا گیا واپسی میں دفن کرنے والے آپس میں یہی باتیں کر رہے تھے”
اس سے ٹھیک پچیس گھنٹے قبل شب جمعہ کو ماہر صاحب اپنے میزبان راؤ محمد اختر صاحب کے یہاں سے اس مشاعرہ میں جانے کی تیاری کر رہے تھے جہاں سے ان کو واپس نہیں آنا تھا ۔ مشاعرہ پاکستان کے ان باشندوں نے کیا تھا جو جدہ میں مقیم تھے پاکستانی بنک (بنک الجزیر) ، پی آئی اے اور چند پاکستانی صاحب ذوق حضرات کی مشترکہ کوششوں اور تعاون سے پاکستانی سفارتخانےجدہ کی سرپرستی مٰیں یہ مشاعرہ ہوا ۔مشاعرہ بلا شبہ تاریخی تھا کہ ان شعرا کو اس نے جمع کرلیا تھا جو پاکستان کے کسی بھی شہر میں مشکل سے ایک ساتھ جمع ہوں گے اردو شاعری کے سبھی سیارے جمع تھے ان کے علاوہ ایک خاتون شاعرہ بھی تھیں ۔ ماہر صاحب کی موت سے یہ مشاعرہ تاریخی بن گیا
جدہ میں پاکستان کے اچھے ہنر مند ، با ذوق ، پڑھے لکھے لوگ جمع ہوگئے ہیں جس طرح لندن ، نیو یارک ہرجگہ اردو کے دلدادہ اس تعداد میں جمع ہو جاتے ہیں اور مشاعرہ میں واہ ، واہ ، اور سبحان اللہ کی آوازیں گونجتی ہیں کہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ کراچی ، لاہور کا کوئی ہال ہے ۔
توقع کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ کا وسیع میدان حاضرین سے بھرا تھا ۔ہاشم رضا صاحب جو ایک پاکستانی ادیب و شاعر جو آج کل سعودی عرب میں مقیم ہیں ،نے بڑے ذوق اور محنت سے اس ایوان ادب کو سجایا تھا ۔ ڈائس قدیم مغلیہ درباروں کی ‘ صدر ایوان ‘ کا نمونہ بنایا تھا ، ساڑھے نو بجے شب کو حاضرین جمع ہو گئے تھے اس معاملے میں ہم لوگ پابندی وقت کا بہت لحاظ رکھتے ہیں البتہ شعرا کو ذرا تاخیر سے آنا بھی چاہئیے ذرا حاضرین کا اشتیاق بڑھے اور گردنیں اٹھا اٹھا کر لوگ ڈائس کی طرف دیکھیں کچھ لوگ مختلف راستوں پر نظریں جمائں ، رنگ برنگ لباس والے گوشے رنگین قمقموں کی چلمنیں ، ان کا بھی تو کچھ حق تھا کسی نے کہا وہ دیکھو جمیل الدین عالی آگئے ذرا ان کے دوہے سننا ، وہ رحمٰن کیانی صاحب آئے اتنے میں لوگوں کی نگاہیں ایک تنگ راستے پر مرکوز ہو گئیں حفیظ جالندھری اسی سالہ نوجوان اور ان کے جلو میں بلند قامت ، وجیہہ و شکیل ،ہنستے مسکراتے ماہر القادری ، ان کے ساتھ اپنے رنگ میں رنگے اپنی ادا میں مست احسان دانش ، یہ سرور بارہ بنکوی اور وہ اقبال عظیم سب آگئے ۔ راؤ اختر خان نے لاؤڈسپیکر سنبھالا کہ شاعر حضرات سٹیج پر آجائیں ۔
——
یہ بھی پڑھیں : میں بساطِ شاعری کا نہیں کوئی فردِ ماہر
——
ایک ایک کا نام لیتے جاتے اور وہ خوشنما تکیوں سے لگ کر بیٹھتے اتنے میں اعلان ہوا کہ مقامی شعرا میں فلاں صاحب اور فلاں صاحب تشریف لے آئیں ۔ اس ضمن میں دو ایک نام ایسے بھی لیے گئے جن کو شعر اور شاعروں سے دلچسپی ضرور ہے مگر شاعری نے کبھی انہیں اپنا محرم نہیں مانا مگر یہ موقع غنیمت تھا کہ احسان دانش اور ماہر القادری کی قربت اور ان سے بات چیت کا موقع مل جائےلہذا انہوں نے بھی اس عزت افزائی قبول کرنے میں تامل سے کام نہیں لیا ان ہی آخر الذکر قسم کے لوگوں میں ان سطور کا راقم بھی تھا ۔
پہلے مقامی شعراء آئے یہ اور بات ہے کہ حفیظ و ماہر اور احسان دانش کی موجودگی میں ان ک تابانی یقیناً مدھم پڑ رہی تھی ۔یوں اگر یہی تنہاہوتے تو بسا غنیمت معلوم ہوتا
آغاز ایک تہنیتی انداز کی نظم سے ہوا ایک پاکستانی نوجوان شمیم اشرف نے غالب کی زمین ‘ دگر ہے آج، دیوار و در ہے آج ‘ پر چند اشعار سنائے مہمان شعرا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پڑھا ،
——
گیتی کے چاند اور ستاروں کو دیکھئیے
رشک فلک زمیں نہیں ہوتی مگر ہے آج
——
اردو زبان کی بلند اختری کہ وہ عرب کی سرزمین پر نوازی جائے وہ سر زمین جہاں کا اصلی سرمایہ اسلام سے پہلے بھی زبان تھا ۔ اس کی طرف بھی اشارہ تھا ۔ مصرعے یاد نہیں کچھ اس طرح کے ٹکڑے یاد ہیں
‘ سوق عکاظ ‘ پھر یہ آئے اور ہ آئے اور جو آئے اچھے ئے اور خوب سنا گئے داد و تحسین سے مجلس گونجتی رہی ،
اتنے میں اصل مجلس مشاعرہ شروع ہوا کہ جن کی خاطر یہ مجمع اکٹھا ہوا تھا اور وہ جن کے نام پر دعوت دی گئی تھی ان شعرا کے کلام سنانے کی باری آئی پہلے خاتون شاعرہ کو دعوت دی گئی تھی وہ ڈائس پر نہیں بلکہ حلقہ خواتین میں بیٹھی تھیں اپنی پر وقار عمر کے لحاظ سے سنجیدہ تحت اللفظ اشعار سنا کر واپس گئیں ۔
رحمٰن کیانی صاحب پکارے گئے ۔ معلوم نہیں دوسروں کے لیے تھا یا نہیں مگر میرے لیے تو ایک انداز سخن تھا ، بلا کا تسلسل اور بڑی کہنہ مشق روانی ، تنقید کرنے والوں اور فقرے کسنے والوں کو تو چھوڑئیے کس کے کلام میں گنجائش نہیں ،
جمیل الدین عالی صاحب کی شاعری بلند اور آواز اس سے بھی عالی ، الفاظ پر بھی قدرت اور آواز پر بھی قابو ، ایک لفظ ‘ طوفان ‘ یا طوفانوں ” کو کسی مصرع میں باندھا تو ایسا محسوس ہوا کہ سننے والوں کے دل بندھ گئے اور اپنی آواز سے اس کو اٹھایا تو ایسا کہ بے ساختہ سب کی نظریں فضا کی طرف اٹھ گئیں کہ سچ مچ طوفان آگیا ۔
سرور ، اقبال عظیم سب ہی ایسے تھے کہ پورے معاشرے کو تنہا گرما سکتے تھے اس کے بعد تین بڑوں کی باری آئی ۔
ماہرالقادری صاحب سامنے مجمع سے آوازیں آنا شروع ہوئیں ‘ جمنا کا کنارہ ‘ جمنا کا کنارا ‘ ماہر صاحب نے کہا نہیں یہ نہیں دوسری چیز سناؤں گا پہلے یہ سنو ، اس کے بعد دل آویز آواز اور چھا جانے والی شخصیت سے کام لیتے ہوئے یہ اشعار سنائے
——
شیرازہ حیات پریشان ہوگیا
یہ مرحلہ بھی خیر سے آسان ہوگیا
میرے جہانِ دل کو تو ہونا ہی تھا خراب
ان کی بھی ایک نگاہ کا نقصان ہوگیا
——
یہ بھی پڑھیں : نامور دانشور اور ادیب عبید اللہ بیگ کا یوم وفات
——
پہلے ہر شے کو ہم آواز کیا جا تا ہے
پھر کہیں نغمہ کا آغاز کیا جاتا ہے
عشق بھی ایسے مراحل سے گزرتا ہے جہاں
حسن کو بھی نظر انداز کیا جاتا ہے
——
۔۔۔۔ پھر اسی انداز کے چند شعر اور غزل سنا کر واہ واہ اور سبحان اللہ کی گونج میں اپنی جگہ پر آکر بیٹھ گئے ان کے بعد جناب احسان دانش کا نمبر تھا ان کے اشعار میں انکے بلند کردار کی جھلکیاں تھیں ۔ سنجیداہ ، پر اثر اور پروقار ، کہنہ مشقی لفظ لفظ سے نمایاں ، زبان نوک پلک سے آراستہ پڑھنے کا انداز بھی سادہ نہ ہاتھ کے اشارے نہ جسم کی حرکت مگر فن تھا کہ گونج رہا تھا ۔ قافیے بقول ابوالکلام چیخ رہے تھے انہوں نے جو شعر سنائے ان میں یہ شعر بھی تھا
——
رہتا نہیں انسان تو ہوتے نہیں غم بھی
سو جائیں گے اک روز زمیں اوڑھ کے ہم بھی
——
کون جانتا تھا کہ ابھی چند ہی لمحوں میں ا س حقیقت کی تجلی ہونے والی ہے احسان صاحب نے جو حقیقت الفاظ میں بیان کی ہے ماہر صاحب جان دے کر اس میں جان ڈال دیں گے
ان کے بعد حفیظ جالندھری صاحب سامنے آئے اپنی شہرت کا خمار آنکھوں میں لیے مجمع سے آواز آئی ابھی تو میں جوان ہوں ، جواب مسکراہٹ سے دیا اور نعتیہ اشعار سنا کر بیٹھ گئے
مشاعرہ کا پہلا دور ختم ہوا ۔چائے شربت کا دور چلا باہر ماہر صاحب پاس بیٹھے لوگوں سے گفتگو کرتے رہے ، بار بار پانی پی رہے تھے اور پان بھی چبا لیتے تھے آٹو گراف لینے والوں کا ہجوم اکٹھا ہوا کسی پر شعر اور کسی پر دستخط کرتے رہے اب پتہ نہیں وہ کس کی کاپی تھی جس پر انہوں نے آخری دستخط کیے اور قلم کی آخری کش بنی ۔
مشاعرہ کا دوسرا دور بھی پہلے دور کی طرح خاتون سے شروع ہوا اور ماہر صاحب کی باری آئی اس مرتبہ بھی ماہر صاحب اپنے پورے ہوش و حواس ، جوش و جولانی کے ساتھ اٹھے اور کراچی نامہ سنایا اور کلفٹن کی سیر کرائی ۔بسوں اور گدھوں کی سواری کا ذکر کیا نقشہ الفاظ میں کھینچ دکھایا نئی نسل کے نوجوانوں کے چھپر جیسے بالوں کی ہپی نما ہئیت اور برقعہ سے بے نیاز خواتین پر بظاہر طنز اور دراصل درد و رنج کا اظہار کیا ۔ الفاظ کے لبوں پہ مسکراہٹ تھی اور معانی کی آنکھ سے آنسو رواں تھے اور پھر احسان دانش آئے اور وہی حیات دو روزہ کا انجام
——
قبر کے چو کھٹے خالی ہیں انہیں مت بھولو
جانے کب کونسی تصویر لگادی جائے
——
کون جانتا تھا کہ ابھی چند منٹوں کے بعد ایک تصویر بڑی دلآویز اور محبوب تصویر اس چوکھٹے میں لگنے والی ہے اور نہ اس کو پتہ ہے اور نہ کسی کو معلوم ۔
حفیظ صاحب آئے ، مسکراتے ، اٹھلاتے ،جوانی کے ترانے گا رہا تھا جوانی کے ترانے گا رہا ہوں سنانے لگے جس کا ایک شعر یہ بھی تھا
——
ہوئی جاتی ہے کیوں بے تاب منزل
مسلسل چل رہا ہوں آرہا ہوں
——
اس کے بعد ایک شعر شاعرانہ شوخی اور اردو غزل کے روائتی کردارمولوی ، رملا (زاہد، واعظ) پر پھبتی کسنے والا پڑھا
——
بہشت میں بھی ملا ہے عذاب شدید
یہاں بھی مولوی صاحب ہیں میرے ہمسائے
——
مولوی صاحب کا لفظ ادا کرتے وقت ماہر القادری صاحب کی طرف اشارہ کیا ماہر القادری صاحب اپنی جگہ سے ایک ہمک کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے اور مائک اپنی طرف سیدھا کرکے بولے حفیظ صاحب غلط مقام پر آگئے (مطلب یہ تھا کہ بہشت میں مولوی صاحب تو اپنی جگہ پر آئے ، حفیظ صاحب غلط مقام پر آگئے کہ ان کو یہ ‘عذاب شدید ‘ معلوم ہو رہا ہے ) یہ کہہ کر اپنی جگہ پر بیٹھ گئے ۔
حفیظ صاحب نے پھر یہ شعر دہرایا اور پوری طرح پیچھے مڑ کر ماہر القادری صاحب کی طرف اشارہ کیا اور اس کے بعد کا کوئی شعر شروع کیا ہی تھا کہ ماہر القادری صاحب کا سر پیچھے کی طرف ڈھلک گیا ۔احسان دانش، عبداللہ عباس اور مینائی صاحب نے فوراً سہارا دیا اور تکیہ لگا دیا تجربہ کاروں نے کہا پیر اونچے کرو ،پیر کے نیچے دو تکیے لگا دئیے گئے ایک ڈاکٹر صاحب نے آکر قلب کی مالش کی ادھر ماہر صاحب کے سینے سے ایسی آواز نکل رہی تھی جو کسی موٹے آدمی کے سوتے وقت خراٹوں کے بھرنے کی ہوتی ہے لیکن مشکل سے پندرہ بیس سیکنڈ گذرے ہونگے کہ آواز بند ہوگئی ،آنکھیں بند تھیں لب سے لب ملے ہوئے تھے کسی نے نبض دیکھی ،کسی نے پلک اٹھا کر دیکھا تجربہ کاروں نے اسی وقت آہ سرد بھری نہ جاننے والے کو آس لگی رہی اسپتال لے جایا گیا ۔ڈاکٹروں نے کہا یہ مریض نہیں لاش ہے
اب مشاعرے کی بات چھوڑئیے وہ تو حسرت کدہ بن گیا سبھوں نے اپنی اپنی راہ لی ۔ راؤ اختر صاحب جو خصوصی میزبان تھے اور مقامی قوانین سے واقف ہیں انتظام میں لگ گئے ۔لاش سرد خانے میں رکھی گئی یہ صبح ساڑھے تین بجے کا عمل ہوگا ۔پاکستانی وقت میں ڈیڑھ گھنٹے کا اضافہ کر لیجئیے صبح کے پانچ بجے ہوں گے سب سے پہلے پاکستان سے رابطہ کیا گیا کہ لاش کہاں دفن کی جائے اجازت ملنے پر یہ طے ہوا کہ مکہ مکرمہ میں دفن کیا جائے گا مدرسہ صولتیہ کے ناظم مولانا مسعود سلیم نے اپنی خاندانی روایات اور اپنے والدبزرگ مولانا محمد سلیم ؒ سے تعلقات کو پورے جوش و خروش سے نباہا لاش مکہ لائی گئی ، مولانا مسعود سلیم نے اپنے انتظام خاص میں اپنے فرد خاندان کی طرح اہتمام سے ،سنت کے مطابق اپنی نگرانی میں غسل دلوایا ۔کفنایا تدفین کے وقت سفیر پاکستان فضل مقیم خاں صاحب اور ان کے ساتھ حفیظ جالندھری صاحب بھی آگئے تھے مغرب کی نماز سے پہلے حرم شریف میں جنازہ لایا گیا ۔مدرسہ کے طلبہ ،اساتذہ اور جدہ سے آئے ہوئے احباب نے مرحوم ماہر القادری کی طرف سے طواف کیا نماز مغرب کے بعد حسب معمول اعلان ہوا الصلوٰۃ علی المیت الحاضر ‘ جمعہ کا روز تھا اس لیے ہزاروں لوگ روز کے آنے والوں کے علاوہ موجود تھے مجمع اگر پچیس ہزار کا کہا جائے تو بھی غلط نہ ہوگا اور اگر اس سے زیادہ کا کوئی اندازہ کرے تو بھی غلط نہ ہوگا وہاں سے جنازہ کاندھوں پر جنت المعلیٰ کے اس حصے میں لے جایا گیا جو حضرت خدیجۃ ام المومنین کے احاطہ سے متصل ہے اور جہاں حاجی امداللہ علیہ الرحمتہ مدفون ہیں یان عام طور سے اموات حجاج کو جگہ نہیں ملتی ہے یہ مولانا شمیم ( مولانا مسعود سلیم ،ناظم مدرسہ صولتیہ) کی کوشش تھی کہ وہاں جگہ مل گئی ) مرحوم کی آخری خدمات کا بار مشاعرہ کمیٹی پر نہیں ڈالا گیا بلکہ مولانا شمیم صاحب نے اپنی طرف سے پورا کیا
ماہر القادری صاحب کو نہلا کر جب کفن پہنا کر تخت پر لٹایا گیا تو ہر شخص دیکھا کہ موت کی بھیانک تصویر نہ تھی نہ آنکھیں پھٹی تھیں نہ جبڑا جبڑے سے الگ تھا پلکیں بند ، لب ملے ہوئے ایک آرام دہ نیند کی کیفیت چہرے سے نمایا ںتھی چہرے سے معصومیت اور مانوسیت ٹپک رہی تھی شائد اسی کانام نورانیت ہے
——
یہ بھی پڑھیں : معروف شاعر، اور ماہر تعلیم ڈاکٹر اشرف کمال کا یوم پیدائش
——
اب مرثیہ کہنے والے مرثیہ کہیں ، تاریخیں نکالینے والے تاریخی مادے نکالیں ، مقا لات لکھئے ، خاص نمبر نکالیے ۔جانے والا چلا گیا اپنے رب سے راضی ہو گیا ہنستا مسکراتا اپنی جگہ اچھی جگہ اچھے دن اچھے لوگوں کے ساتھ سلایا گیا مولانا محمد علی جوہر کی تدفین بیت المقدس کے جوارمیں ہوئی تھی اس پر مصر کے مشہور شاعر احمد شوقی نے اپنے مرثیے میں ایک ایسا شعر کہا تھا جو آج ماہر القادری پر بجنسہ صادق آراہا ہے
ترجمہ : خدا کے جوار رحمت میں سو جا تمہارے لیے کوئی اجنبیت نہیں
اس گھر کے سائے میں تم ہو جس گھر کے تم ایک فرد تھے
بشکریہ راشد اشرف
——
منتخب کلام
——
لا الٰہ الا اللہ
——
دعاۓ شام سحر لا الٰہ الا اللہ
یہی ہے یاد سفر لا الٰہ الا اللہ
سکونِ قلب و جگر لا الٰہ الا اللہ
کمالِ فکر و نظر لا الٰہ الا اللہ
نہ کہکشاں نہ قمر لا الٰہ الا اللہ
نہ کچھ ادھر نہ ادھر لا الٰہ الا اللہ
تمام ملتیں باطل ہیں صرف اک اسلام
یہی ہے راہ گذر لا الٰہ الا اللہ
اسی میں دولت دنیا اسی میں دولت دیں
متاعِ اہل خبر لا الٰہ الا اللہ
ملا رہا ہوں نگاہیں میں کجلاہوں سے
نہ خوف ہے نہ خطر ہے لا الٰہ الا اللہ
بتوں کو توڑ تخیل کے ہوں کہ پتھر کے
ذر بھی دیر نہ کر لا الٰہ الا اللہ
——
سلام اس پر کہ جس نے بے کسوں کی دستگیری کی
سلام اس پر کہ جس نے بادشاہی میں فقیری کی
سلام اس پرکہ اسرار محبت جس نے سکھلائے
سلام اس پر کہ جس نے زخم کھا کر پھول برسائے
سلام اس پر کہ جس نے خوں کے پیاسوں کو قبائیں دیں
سلام اس پر کہ جس نے گالیاں سن کر دعائیں دیں
سلام اس پر کہ دشمن کو حیات جاوداں دے دی
سلام اس پر، ابو سفیان کو جس نے اماں دے دی
سلام اس پر کہ جس کا ذکر ہے سارے صحائف میں
سلام اس پر، ہوا مجروح جو بازار طائف میں
سلام اس پر، وطن کے لوگ جس کو تنگ کرتے تھے
سلام اس پر کہ گھر والے بھی جس سے جنگ کرتے تھے
سلام اس پر کہ جس کے گھر میں چاندی تھی نہ سونا تھا
سلام اس پر کہ ٹوٹا بوریا جس کا بچھونا تھا
سلام اس پر جو سچائی کی خاطر دکھ اٹھاتا تھا
سلام اس پر، جو بھوکا رہ کے اوروں کو کھلاتا تھا
سلام اس پر، جو امت کے لئے راتوں کو روتا تھا
سلام اس پر، جو فرش خاک پر جاڑے میں سوتا تھا
سلام اس پر جو دنیا کے لئے رحمت ہی رحمت ہے
سلام اس پر کہ جس کی ذات فخر آدمیت ہے
سلام اس پر کہ جس نے جھولیاں بھردیں فقیروں کی
سلام اس پر کہ مشکیں کھول دیں جس نے اسیروں کی
سلام اس پر کہ جس کی چاند تاروں نے گواہ دی
سلام اس پر کہ جس کی سنگ پاروں نے گواہی دی
سلام اس پر، شکستیں جس نے دیں باطل کی فوجوں کو
سلام اس پر کہ جس کی سنگ پاروں نے گواہی دی
سلام اس پر کہ جس نے زندگی کا راز سمجھایا
سلام اس پر کہ جو خود بدر کے میدان میں آیا
سلام اس پر کہ جس کا نام لیکر اس کے شیدائی
الٹ دیتے ہیں تخت قیصریت، اوج دارائی
سلام اس پر کہ جس کے نام لیوا ہر زمانے میں
بڑھادیتے ہیں ٹکڑا، سرفروشی کے فسانے میں
سلام اس ذات پر، جس کے پریشاں حال دیوانے
سناسکتے ہیں اب بھی خالد و حیدر کے افسانے
درود اس پر کہ جس کی بزم میں قسمت نہیں سوتی
درود اس پر کہ جس کے ذکر سے سیری نہیں ہوتی
درود اس پر کہ جس کے تذکرے ہیں پاک بازوں میں
درود اس پر کہ جس کا نام لیتے ہیں نمازوں میں
درود اس پر، جسے شمع شبستان ازل کہئے
درود اس ذات پر، فخرِ بنی آدم جسے کہئے
——
کہاں میں ، کہاں مدحِ ذاتِ گرامی
نہ سعدی، نہ رومی، نہ قدسی نہ جامی
پسینے پسینے ہُوا جا رہا ہوں
کہاں یہ زباں اور کہاں نامِ نامی
سلام اس شہنشاہ ِہر دو سرا پر
درود اس امامِ صفِ انبیاء پر
پیامی تو بے شک سبھی محترم ہیں
مگر اللہ اللہ خصوصی پیامی
فلک سے زمیں تک ہے جشنِ چراغاں
کہ تشریف لاتے ہیں شاہ رسولاں
خوشا جلوہ ماہتابِ مجسم
زہے آمد آفتاب تمامی
کوئی ایسا ہادی دکھادے تو جانیں
کوئی ایسا محسن بتا دے تو جانیں
کبھی دوستوں پر نظر احتسابی
کبھی دشمنوں سے بھی شیریں کلامی
اطاعت کے اقرار بھی ہر قدم پر
شفاعت کا اقرار بھی ہر نظر میں
اصولًا خطاؤں پہ تنبیہ لیکن
مزاجاً خطا کار بندوں کے حامی
یہ آنسو جو آنکھوں سے میری رواں ہیں
عطا ئے شہنشاہ ِکون و مکاں ہیں
مجھے مل گیا جامِ صہبائے کوثر
میرے کام آئی میری تشنہ کامی
فقیروں کو کیا کام طبل و عَلم سے
گداؤں کو کیا فکر جاہ و حشم کی
عباؤں قباؤں کا میں کیا کروں گا
عطا ہو گیا مجھ کو تاجِ غلامی
انہیں صدقِ دل سے بلا کے تو دیکھو
ندامت کے آنسو بہا کے تو دیکھو
لیے جاؤ عقبی میں نامِ محمد
شفاعت کا ضامن ہے اسمِ گرامی
——
قرآن کی فریاد
——
طاقوں میں سجایا جاتا ہوں،آنکھوں سے لگایا جاتا ہوں
تعویذ بنایا جاتا ہوں، دھو دھو کے پلایا جاتا ہوں
جز دان حریر و ریشم کے اور پھول ستارے چاندی کے
پھر عطر کی بارش ہوتی ہے، خوشبو میں بسایا جاتا ہوں
جس طرح سے طوطا مینا کو کچھ بول سکھائے جاتے ہیں
اس طرح پڑھایا جاتا ہوں ۔ اس طرح سکھایا جاتا ہوں
جب قول و قسم لینے کیلئے تکرار کی نوبت آتی ہے
پھر میری ضرورت پڑتی ہے، ہاتھوں پہ اٹھایا جاتا ہوں
کہنے کو میں اک اک جلسے میں پڑھ پڑھ کے سنایا جاتا ہوں
نیکی پہ بدی کا غلبہ ہے، سچائی سے بڑھ کر دھوکا ہے
اک بار ہنسایا جاتا ہوں، سو بار رلایا جاتا ہوں
یہ مجھ سے عقیدت کے دعوے، قانون پہ راضی غیروں کے
یوں بھی مجھے رسوا کرتے ہیں، ایسے بھی ستایا جاتا ہوں
کس بزم میں مجھ کو بار نہیں، کس عرس میں میری دھوم نہیں
پھر بھی میں اکیلا رہتا ہوں، مجھ سا بھی کوئی مظلوم نہیں
——
مآلِ گل کی خبر کو ششِ صبا معلوم
کلی کلی کو ہے گلشن کی انتہا معلوم
ہر اک قدم رہِ الفت میں ڈگمگاتا ہے
یہ ابتدا ہے تو پھر اس کی انتہا معلوم!
تجلیات کی اک رو میں بہ چلا ہے دل
نہ آرزو کی خبر ہے نہ مدعا معلوم
چلے ہیں اُس کے طلبگار سوئے دیر و حرم
جو کوششیں ہیں یہی ہو چکا پتا معلوم
ہر ایک پھول میں دوڑی ہے انبساط کی روح
چمن میں آکے وہ کیا کہہ گئے خدا معلوم
مری حیات بھی فطرت کا اک معمّا ہے
مرے وجود کو میرا نہیں پتا معلوم
نگاہ ملتے ہی ماہر میں ہوگیا غافل
پھر اس کے بعد کو کیا کچھ ہوا، خدا معلوم
——
تیغ پھر بے نیام ہو جائے
ہاں ذرا قتلِ عام ہو جائے
دل کو کوہِ الم سے ٹکرادوں
آج قِصّہ تمام ہوجائے
تجھ پہ زاہد، خدا کرے کہ شراب
خُلد میں بھی حرام ہو جائے
تم کسی دن جھلک دکھا جاؤ
دُور ہی سے سلام ہو جائے
ٹوٹ جائے حدِ خصوصیت
کاش دیدار، عام ہو جائے
مجھ پر اس طرح میکشی ہو فرض
یعنی توبہ حرام ہو جائے
بعد مدت کے آج تو ماہر
شغلِ شراب مدام ہو جائے
——
کس قیامت کی گھٹ چھائی ہے
دل کی ہر چوٹ ابھر آئی ہے
درد بدنام تمنا رسوا
عشق رسوائی ہی رسوائی ہے
اس نے پھر یاد کیا ہے شاید
دل دھڑکنے کی صدا آئی ہے
زلف و رخسار کا منظر توبہ
شام اور صبح کی یکجائی ہے
ہم سے چھپ چھپ کے سنورنے والے
چشم آئینہ تمشائی ہے
دل تمنا سے ہے کتنا بے زار
ٹھوکریں کھا کے سمجھ آئی ہے
تم سے ماہرؔ کو نہیں کوئی گلہ
اس نے قسمت ہی بری پائی ہے
یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔